امریکہ کا روشنیوں سے جگمگاتا شہر لاس اینجلس بنا 32 ویں ایم ٹی وی میوزک ویڈیو ایوارڈز کی رنگا رنگ شام کا میزبان۔۔ جس میں ٹیلر سوئفٹ نے چار ایوارڈز جیت کر مقابلے کی دوڑ میں شریک دیگر حریفوں کو چاروں خانے چت کر دیا۔
برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق ہر سال کی طرح اس بار بھی ایوارڈ کی شام ہلے گلے اور موج مستی سے بھرپور رہی۔
نکی مناج کی گلیمر سے سجی پرفارمنس نے ابتدا میں محفل میں جوش پیدا کر دیا جسے عروج پر پہنچایا ٹیلر سوئفٹ نے اپنی گائیکی اور اداؤں سے۔
ٹیلر سوئفٹ نے ایوارڈز کی شام کا سب سے بڑے ایوارڈ ویڈیو آف دی ائیرحاصل کیا اپنے گانے ’بیڈ بلڈ‘ پر جبکہ سوئفٹ کے گانے ’بلینک اسپیس‘ کو بہترین فیمیل ویڈیو اور بہترین پوپ ویڈیو کے ایوارڈز سے بھی نواز گیا۔
یہ دونوں ایوارڈز سوئفٹ نے بیونسے کو مات دے کر حاصل کئے۔
تقریب کی سب سے دلچسپ بات مشہور ریپر کینی ویسٹ کی تقریر کو کہا جائے تو کچھ غلط نہ ہوگا۔ یہ تقریر انہوں نے کیرئیر ایچیومنٹ ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد کی۔
کینی ویسٹ نے اپنی تقریر میں یہ اعلان کرکے سب کو حیران کر دیا کہ وہ 2020ء میں امریکی صدارتی انتخابات میں حصہ لیں گے۔
ایوارڈز کی بات کریں تو نیوجرسی سے تعلق رکھنے والے ریپرفیٹی ویپ آرٹسٹ ٹو واچ قرار پائے۔
برونو مارس اور مارک رونسن کے گانے اپ ٹاوٴن فنک کو بہترین میل ویڈیو کا ایوارڈ دیا گیا۔ بہترین ہپ ہاپ ویڈیو کا ایم ٹی وی ایوارڈ اپنے نام کیا۔
نکی مناج نے ’اینا کونڈا‘ پر۔ یوما تھرمین کو بہترین راک ویڈیو کا ایوارڈ دیا گیا۔