پی سی کمپیوٹرز کی خریداری میں نمایاں کمی ۔۔۔

멘붕

ٹیکنالوجی کی دنیا کے ماہرین کے نزدیک اس کی بنیادی وجہ عالمی سطح پر لوگوں کی ٹیبلیٹس کمپیوٹر میں بڑھتی دلچسپی ہے۔
دنیا بھر میں ٹیکنالوجی سے منسلک ماہرین کو گمان ہے کہ آنے والے دنوں میں پی سی کمپیوٹرز کا استعمال کم سے کم ہوتا چلا جائے گا۔ اس سوچ کا محرک دنیا بھر میں ٹیبلٹ کمپیوٹرز اور سمارٹ فونز کا بڑھتا ہوا استعمال ہے۔

ٹیکنالوجی سے متعلق جائزے لینے والی ایک کمپنی انٹرنیشنل ڈیٹا کورپوریشن کے مطابق رواں برس کی پہلی چوتھائی میں عالمی سطح پر پی سی کمپیوٹرز کی خریداری میں چودہ فیصد کمی نوٹ کی گئی ہے۔ یہ شرح سات فیصد شرح کی پیش گوئی سے دو گنا زیادہ ہے۔ جبکہ 1994ء کے بعد سے یہ پی سی کمپیوٹرز کی سب سے کم آمدنی والی چوتھائی ہے۔

انٹرنیشنل ڈیٹا کورپوریشن پی سی کمپیوٹرز کی کم ہوتی مقبولیت کا ذمہ دار مائیکروسوفٹ کی جانب سے نئے ونڈو آپریٹنگ سسٹم ’ونڈوز 8‘ پر ڈالتا ہے۔ جس کے بارے میں مائیکروسوفٹ کا کہنا تھا کہ اس کے نئے ’فنکشنز‘ سے صارفین کے لیے پی سی کمپیوٹرز میں ٹیبلیٹس والی سہولتیں استعمال کرنا ممکن ہوگا۔ انٹرنیشنل ڈیٹا کورپوریشن کے سربراہ بوب او ڈینل کے الفاظ، ’’اس وقت بدقسمتی سے ایسا لگتا ہے کہ ونڈروز 8 کی لانچ سے پی سی کمپیوٹرز کی مارکیٹ کو کوئی فائدہ نہیں ہوا بلکہ نقصان پہنچا ہے۔‘‘

ٹیکنالوجی سے متعلق ایک اور ادارے گارٹنر کا کہنا ہے کہ رواں برس میں پی سی کمپیوٹرز کی خرید میں واضح کمی دیکھی گئی ہے۔ گارٹنر سے منسلک میکاکو کیٹاگاوا کہتے ہیں کہ، ’’ٹیبلیٹس کمپیوٹر نے ٹیکنالوجی کا رنگ ڈھنگ ہی بدل ڈالا ہے اور اسی کی وجہ سے لوگوں کی پی سی کمپیوٹرز میں دلچسپی کم ہوتی جا رہی ہے۔‘‘