ٹی20 ورلڈ کپ: آسٹریلیا نے بھارت کو 9 وکٹوں سے ہرادیا

سری لنکا میں جاری 'ٹی20 ورلڈ کپ 2012ء' کے 'سپر – 8' مرحلے کے چوتھے میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔
سری لنکا میں جاری 'ٹی20 ورلڈ کپ 2012ء' کے 'سپر – 8' مرحلے کے چوتھے میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔

جمعے کو کولمبو میں ہونے والے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 140رنز بنائے تھے۔

آسٹریلوی بالرز کے سامنے بھارتی بیٹنگ لائن کو ابتدا سے ہی مشکلات کا سامنا رہا اور بھارت کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔

بھارتی اوپنر عرفان پٹھان 31 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ سریش رائنا 26 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے شین واٹسن نے 3 جب کہ پیٹ کمنز نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔


جواباً آسٹریلیا نے 141 رنز کا ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر بآسانی پندرہویں اوور میں ہی حاصل کرلیا۔ آسٹریلوی اوپنرز شین واٹسن اور ڈیوڈ وارنر نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 133 رنز بنائے۔

واٹسن 42 گیندوں پر 72 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جب کہ وارنر 63 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ شین واٹسن کو ان کی آل رائونڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قبل ازیں جمعے کو کھیلے جانے والے 'سپر – 8' مرحلے کے تیسرے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 2 وکٹوں سے ہرادیا تھا۔

ہفتے کو بھی عالمی کپ کے 'سپر -8' مرحلے کے دو میچ کھیلے جائیں گے جن میں انگلینڈ کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا جب کہ میزبان سری لنکا ویسٹ انڈیز کے مقابل میدان میں اترے گا۔