اسپیس ایکس اسٹارشپ کی آزمائشی پرواز؛ راکٹ پھٹ گیا، بوسٹر کی لانچ ٹاور پر واپسی

  • ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کا راکٹ امریکہ کی ریاست ٹیکساس سے مقامی وقت کے مطابق شام 6:30 بجے لانچ کیا گیا تھا۔
  • اسٹارشپ سے آخری رابطہ پرواز کے تقریباً نو منٹ 30 سیکنڈ بعد ہوا: اسپیس ایکس
  • امریکہ کی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے راکٹ کا ملبہ گرنے کے پیشِ نظر رات آٹھ بجے تک ریاست فلوریڈا کے شہر میامی، فورٹ لوڈرڈیل، پام بیچ اور اورلینڈو کے ایئرپورٹس استعمال نہ کرنے کی ہدایت جاری کی۔

ویب ڈیسک— امریکہ کی ٹیکنالوجی کمپنی 'اسپیس ایکس' کا ایک اور بڑا اسٹارشپ راکٹ لانچ کے چند لمحوں بعد پھٹ گیا اور اس کے ٹکڑے فضا سے نیچے آتے دکھائی دیے۔ تاہم راکٹ بوسٹر کامیابی سے لانچنگ ٹاور پر واپس آ گیا۔

ٹیک بلیئن ایئر ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس نے جمعرات کو اسٹارشپ مشن کو امریکہ کی ریاست ٹیکساس کے مقامی وقت کے مطابق شام 6:30 بجے لانچ کیا تھا۔

لانچنگ کے بعد بوسٹر اسٹارشپ کے اوپری حصے سے معمول کے مطابق الگ ہو گیا اور وہ دوبارہ واپس لانچ ٹاور پر کامیابی سے آگیا۔

لیکن آزمائشی پرواز کے کچھ لمحوں بعد خلا کی طرف گامزن اسٹارشپ کرافٹ کے انجنز بند ہونا شروع ہوگئے اور اس کا رابطہ منقطع ہو گیا۔ بعدازاں کمپنی نے اعلان کیا کہ وہ اسٹار شپ سے رابطہ کھو چکی ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل متعدد ویڈیوز میں راکٹ کا ملبہ جنوبی فلوریڈا اور کیریبئن جزائر بہاماس میں گرتا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔

امریکہ کی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے راکٹ کا ملبہ گرنے کے پیشِ نظر رات آٹھ بجے تک ریاست فلوریڈا کے شہر میامی، فورٹ لوڈرڈیل، پام بیچ اور اورلینڈو کے ایئرپورٹس استعمال نہ کرنے کی ہدایت جاری کی۔

خلائی کمپنی اسپیس ایکس کے اسٹار شپ کی یہ آٹھویں آزمائشی پرواز تھی۔ اس سے قبل 16 جنوری کو بھی ایک راکٹ فضا میں تباہ ہوا تھا۔

ایلون مسک کا مقصد ایسے راکٹ بنانا ہے جو خلا میں زیادہ تعداد میں سیٹلائٹس بھیجنے کے ساتھ ساتھ انسانوں کو چاند اور مریخ تک لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہو۔

اسپیس ایکس نے جمعرات کی شب جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ "اسٹارشپ کے پچھلے حصے میں کوئی خرابی پیش آئی جس کے نتیجے میں کئی انجنز بند ہونے کے ساتھ ہی اسٹارشپ کا کنٹرول متاثر ہوا اور اس سے رابطہ منقطع ہوگیا۔

کمپنی کے مطابق اسٹارشپ سے آخری رابطہ پرواز کے تقریباً نو منٹ 30 سیکنڈ تک ہوا تھا۔

اس خبر میں شامل معلومات اے پی/رائٹرز سے لی گئی ہیں۔