حکومت سندھ کا پبلک ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کا اعلان

کراچی ٹرانسپورٹ

ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کا اطلاق تمام پبلک ٹرانسپورٹ پر عائد ہوگا جن میں بسیں، منی بسیں، رکشہ، ٹیکسی اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ شامل ہیں
صوبہ پنجاب اور صوبہ خیبرپختونخوا میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کے بعد حکومت سندھ نے بھی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کا اعلان کردیا ہے۔

ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کا اطلاق تمام پبلک ٹرانسپورٹ پر عائد ہوگا جن میں بسیں، منی بسیں، رکشہ، ٹیکسی اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ شامل ہیں۔ یہ اعلان وزیر ٹرانسپورٹ اختر جدون کی سربراہی میں ہونیوالے ٹرانسپورٹ کرایوں کے متعلق اجلاس میں کیا گیا۔


حکومت سندھ کا کہنا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں کمی سی این جی گیس کی قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔ اگر سی این جی گیس کے نرخ میں اضافہ ہوگا تو کرایوں میں بھی اضافہ کردیا جائیگا۔

گزشتہ ہفتے سپریم کورٹ کی جانب سے سی این جی کی قیمتوں میں واضح کمی کرنے کی ہدایات جاری کی گئ تھیں۔

اس حکم پر عملدرآمد کرتے ہوئے ’اوگرا‘ نے سی این جی کی قیمتوں میں 30.38روپے فی کلو کمی کا نوٹیفکیشن جاری کیا
،جس کے باعث پبلک ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔

محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے سی این جی گیس اور پیٹرول کی قیمتیں متعین رکھنے کا کوئی نظام موجود نہیں ہے۔

ایک اندازے کے مطابق کراچی شہر میں تقریباً16ہزار پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیاں ڈیزل سسٹم سے سی این جی سسٹم پر منتقل ہوچکی ہیں۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے یہ منتقلی زائد منافع کے حصول کے باعث کی گئی تھی۔ پبلک ٹرانسپورٹ کا کرایہ سی این جی کے بجائے پیٹرول کی قیمتوں کے مطابق وصول کیا جارہاتھا۔