ٹینس کی سابق عالمی نمبر ایک ماریا شراپووا آسٹریلین اوپن وارم اپ میں کھیلنے کے لیے وائلڈ کارڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی ہیں جس کے بعد وہ اگلے ماہ برسبین انٹرنیشنل ٹورنامنٹ میں کھیلتی نظر آئیں گی۔
برسبین انٹرنیشنل ٹورنامنٹ چھ جنوری سے 12 جنوری تک کوئنزلینڈ ٹینس سینٹر میں کھیلا جائے گا۔
بتیس سالہ روسی کھلاڑی ماریا شراپووا کی برسبین انٹرنیشنل میں واپسی ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب ان کے ساتھ موجودہ عالمی نمبر ایک کھلاڑی ایش بارٹی، نومی اوساکا اور کیرولینا پلسکووا سخت حریف کے طور پر ان کے مد مقابل ہوں گی۔
برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق پانچ مرتبہ گرینڈ سلم چیمپئن رہنے والی ماریا شراپووا نے آخری بار رواں سال اگست میں امریکی اوپن کے پہلے راؤنڈ میں حصہ لیا تھا۔
اس سیزن کے بعد ان کا رینک گر کر 133 ہو گیا تھا۔ رینک گرنے کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ وہ کندھے کی انجری کا شکار ہو گئی تھیں جس کے سبب وہ صرف آٹھ ٹورنامنٹس ہی کھیل سکیں۔
شراپووا کو درجہ بندی کم ہونے کے سبب 20 جنوری سے شروع ہونے والے آسٹریلین اوپن کے مین سنگلز ڈرا میں آنے کے لیے بھی وائلڈ کارڈ کی ضرورت ہوگی۔
شراپووا نے 2008 میں میلبورن پارک میں اپنا تیسرا بڑا اعزاز جیتا تھا لیکن 2016 میں ان کا ممنوعہ ادویات کے استعمال کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد اُنہیں 15 ماہ کی معطلی کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔