افغانستان سے ملحقہ پاکستان کے قبائلی ضلع کرم میں مبینہ فرقہ وارانہ کشیدگی کے باعث دو مختلف واقعات میں اساتذہ سمیت آٹھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
ہلاک ہونے والے اساتذہ کا تعلق شیعہ کمیونٹی سے بتایا جا رہا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کرم محمد عمران نے وائس آف امریکہ کے نمائندے نذرالاسلام کو بتایا کہ اہل سنت اور اہل تشیع کے درمیان 1909 سے زمین کا ایک تنازع چلا آ رہا ہے۔
اُن کے بقول جمعرات کی صبح پہلے شیعہ کمیونٹی کے افراد نے ایک اہلِ سنت مسلک کے شخص کو ہلاک کیا جس کے ردِعمل میں اہلِ سنت کے افراد نے اسکول کے عملے پر فائرنگ کی جس میں چار اساتذہ اور تین دیگر شہری ہلاک ہو گئے۔
محمد عمران کے بقول حملہ آوروں نے اساتذہ پر فائرنگ سے قبل باہر کھڑی پولیس وین پر بھی فائرنگ کی جس سے کچھ پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
واقعے کے بعد ضلع کرم میں صورتِ حال کشیدہ ہے اور ضلعی انتظامیہ نے امتحانات ملتوی کر کے علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی ہے۔
خیال رہے کہ ضلع کرم کے علاقے پاڑہ چنار میں اس سے قبل بھی فرقہ وارانہ فسادات پھوٹتے رہے ہیں جس میں اب تک درجنوں افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے ایک ٹویٹ میں اس واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کی مدد سے دہشت گردی کے اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینک دیا جائے گا۔ انہوں نے ہلاک ہونے والے افراد کی مغفرت اور ان کے خاندانوں سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔
Deeply grieved to learn of the martyrdom of six soldiers of Pakistan Army in North Waziristan today. No matter how long the battle, our valiant armed forces, with the support of the nation, will root out terrorism in its entirety. These supreme sacrifices by our security forces,…
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) May 4, 2023
پاکستان کے وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اساتذہ کے بہیمانہ قتل میں ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ سیکریٹری داخلے سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔
امتحانی ڈیوٹی پر مامور اساتذہ کا قتل انتہائی بہیمانہ عمل ہے، واقع میں ملوث ملک اور علم دشمن عناصر کیلئے قرار واقعی سزا کو یقینی بنایا جائے گا، سیکریٹری داخلہ سے واقع کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
— Rana SanaUllah Khan (@RanaSanaullahPK) May 4, 2023
پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے پاڑہ چنار میں پیش آنے والے واقعے کی مذمت کی ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں صدر علوی کا کہنا تھا کہ علم دُشمنوں کی جانب سے اساتذہ پر حملہ قابلِ مذمت ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی اپر کرم اور پارہ چنار میں 8 اساتذہ کے قتل کی شدید مذمت صدر مملکت کا ڈیوٹی پر مامور اساتذہ کے دو واقعات میں قتل پر گہرے رنج و غم کا اظہار علم دشمنوں کی جانب سے اساتذہ پر حملہ قابل مذمت ہے، صدر مملکت pic.twitter.com/FZnJN8oV70
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) May 4, 2023
ضلع کرم کے مرکزی قصبے پاڑہ چنار سے تعلق رکھنے والے صحافی عظمت علیزئی نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ سرحدی قصبے تری منگل سے ملحقہ گاؤں خروٹ میں جمعرات کی صبح اہلِ سنت مسلک سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا گیا۔
اُن کے بقول خروٹ گاؤں میں ہونے والے واقعے کے رد عمل میں متعدد مسلح افراد نے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول کے امتحانات کی نگرانی کرنے والے اساتذہ پر فائرنگ کر دی ۔