امریکی ٹی وی شو 'سیسم اسٹریٹ' میں نصف صدی تک پتلی تماشا دکھانے والے فنکار کیرول اسپننی 85 سال کی عمر میں اتوار کو اس دنیا سے رخصت ہو گئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق کیرول نے 'سیسم اسٹریٹ' کی دو پتلیوں بگ برڈ اور آسکر کو اس قدر محنت اور فن مہارت سے تخلیق کیا تھا کہ ناظرین کو یہ کردار جیتے جاگتے اور معاشرے کا حصہ محسوس ہوتے تھے۔ انہوں نے تقریباً 50 برسوں تک ان کرداروں کو زندہ رکھا۔
یہ کردار تو شاید ہمیشہ زندہ رہیں لیکن ان کے خالق کیرول اسپننی زندگی کی قید سے آزاد ہو گئے ہیں۔
ٹی وی شو 'سیسم اسٹریٹ' کی غیر منافع بخش تنظیم سیسم ورکشاپ کا کہنا ہے کہ اسپننی کچھ عرصے سے ناسازی طبعیت کے سبب اپنے کام سے دوری اختیار کیے ہوئے تھے۔
ان کی یادداشت صحیح طریقے سے کام نہیں کر رہی تھی جس کا سبب ان کا دماغی مرض تھا۔ ان کے جسم کے پٹھوں نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا اور یہی بیماری ان کی موت کا باعث بنی۔
کیرول گزشتہ ایک سال سے شو نہیں کر سکے تھے اور فنی زندگی سے ریٹائر ہو کر گھر پر ہی رہا کرتے تھے۔
اُن کے تخلیق کردہ پتلی کردار بگ برڈ اور آسکر دنیا کے انگنت بچوں میں مقبول تھے۔ 90 کی دہائی میں پاکستان ٹیلی ویژن سے بھی ہر جمعے کو یہ پروگرام نشر ہوتا تھا جسے پاکستان میں بھی بہت ذوق و شوق سے دیکھا جاتا تھا۔
سیسم ورکشاپ کے ایک بیان کے مطابق کیرول حقیقی فنکار تھے۔ ان کے فن سے سچی لگن کی بدولت ہی دنیا کو 'سیسم اسٹریٹ' جیسا پروگرام دیکھنے کو ملا جس کی اپنی ہی ایک الگ دنیا تھی۔ یہ پروگرام 1969 کی تخلیق تھا۔
اسپننی کی موت اتوار کو اس وقت ہوئی جب اسی شام امریکہ کے ایک اعلیٰ ثقافتی ایوارڈ 'کینیڈی سینٹر آنرز' کے ساتھ واشنگٹن کے ایک گالا میں اس شو کی 50 ویں سالگرہ منائی جارہی تھی۔
اسپننی کو ان کی خدمات کے عوض لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا تھا جب کہ وہ گریمی ایوارڈ بھی حاصل کر چکے تھے۔