فلمی دنیا کے سب سے بڑے اعزاز 'آسکر ایوارڈز' میں بس چند ہی روز باقی رہ گئے ہیں اور اس سے قبل اتوار کو امریکہ کے شہر لاس اینجلس میں 'اسکرین ایکٹرز گلڈ ایوارڈز' (ایس اے جی) کا میلہ سجا۔
اٹھائیسویں اسکرین ایکٹرز گلڈ ایوارڈز کی شام کا سب سے بڑا یعنی بہترین فلم کا ایوارڈ 'سی او ڈے اے' کے نام رہا۔
فلم 'سی او ڈی اے' کی کہانی ایک ایسے خاندان کے گرد گھومتی ہے جو قوتِ سماعت سے محروم ہے لیکن ان کی بیٹی کی سماعت متاثر نہیں ہوتی۔
ٹیلی وژن کی کیٹیگری میں بہترین ڈرامہ سیریز 'سکسیشن' قرار پائی جب کہ بہترین کامیڈی سیریز کا ایوارڈ 'ٹیڈ لاسو' کے نام رہا۔
اسی طرح ٹیلی وژن کے لیے بہترین اسٹنٹ ڈرامہ اور کامیڈی سیریز 'اسکوئڈ گیم' قرار پائی جب کہ بہترین اسٹنٹ فلم کا ایوارڈ 'نو ٹائم ٹو ڈائی' نے اپنے نام کیا۔
فلم 'کنگ رچرڈ' میں شاندار اداکاری پر وِل اسمتھ کو بہترین اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے جب کہ فلم 'دی آئیز آف ٹیمی فے' کی اداکارہ جسیکا چیسٹین بہترین اداکارہ قرار پائی ہیں۔
SEE ALSO: آسکرز 2022: 'دی پاور آف دی ڈوگ' 12 نامزدگیوں کے ساتھ سرِ فہرستبہترین معاون اداکار کا ایوارڈ فلم 'سی او ڈی اے' کے لیے اداکار ٹروئے کوٹزر کے نام رہا جب کہ اداکارہ ایریانا ڈیبوس کو فلم 'ویسٹ سائڈ اسٹوری' کے لیے بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ ملا۔
ٹیلی وژن کے لیے بہترین ڈرامہ سیریز کی کیٹیگری میں اداکار لی جونگ جے کو 'اسکوئڈ گیم' کے لیے بہترین اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس کیٹیگری میں 'اسکوئڈ گیم' کی جونگ ہو یونگ بہترین اداکارہ قرار پائیں۔
کامیڈی سیریز ٹی وی کی کیٹیگری میں بہترین اداکار کا ایوارڈ 'ٹیڈ لاسو' کے لیے اداکار جیسن سڈیکس نے حاصل کیا۔ اس کیٹیگری میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ 'ہیکس' کے لیے جین اسمارٹ کے نام رہا۔
ٹیلی وژن فلم اور لمیٹڈ سیریز کے لیے مائیکل کیٹن کو 'ڈوپ سک' کے لیے بہترین اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اسی طرح اداکارہ کیٹ ونسلٹ کو 'میر آف ایسٹ ٹاؤن' کے لیے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ ملا۔