سام سنگ کی نئی گلیکسی ایس 22 سیریز متعارف،کیا کچھ تبدیل ہوا ہے؟

سام سنگ نے اس سیریز کے تین ماڈل متعارف کرائے ہیں۔

معروف ٹیکنالوجی کمپنی 'سام سنگ' نے اپنی فلیگ شپ سیریز 'گلیکسی ایس 22' کے تین نئے ماڈل متعارف کرا دیے ہیں۔ جس میں گزشتہ سال کے مقابلے میں کافی کچھ تبدیل کیا گیا ہے۔

سام سنگ کی جانب سے بدھ کو ایک ایونٹ میں اپنی نئی فلیگ شپ سیریز کو پیش کیا گیا جس میں گلیکسی ایس 22 ، ایس 22 پلس اور ایس 22 الٹرا ماڈل شامل ہیں۔

گلیکسی ایس 22 کا سائز 6.1 انچز ، ایس 22 پلس کا سائز 6.6 انچز اور ایس 22 الٹرا کا سائز 6.8 انچز ہے۔

ایس 22 اور ایس 22 پلس ڈیزائن کے حساب سے گزشتہ برس کے ایس 21 اور ایس 21 پلس کی طرح ہی ہیں لیکن اس میں اندرونی طور پر کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ البتہ ایس 22 الٹرا کو نہ صرف اندر سے اپ گریڈ کیا گیا ہے بلکہ اس کے ڈیزائن میں بھی کافی تبدیلی کی گئی ہے اور اس میں اب ایس پین کو بھی شامل کردیا گیا ہے۔

اس سے قبل سام سنگ کی جانب سے اپنی نوٹ سیریز میں ایس پین کی سہولت فراہم کی جاتی تھی تاہم اب اسے باقاعدہ ایس 22 الٹرا میں شامل کرلیا ہے جو اس بات کی طرف واضح اشارہ ہے کہ سام سنگ اپنی نوٹ سیریز کو خیرباد کہہ چکا ہے۔

ایس 22 اور ایس 22 پلس

سام سنگ کی جانب سے متعارف کرائے گئے ایس 22 اور ایس 22 پلس میں گزشتہ سال کے ماڈلز کے مقابلے میں بظاہر کوئی بڑی تبدیلی نہیں کی گئی۔البتہ جو چیز اس کو گزشتہ ماڈل سے منفرد بناتی ہے وہ اس کی اسپیڈ یعنی نئی چپ اور کیمرے ہیں۔

ایس 22 اور ایس 22 پلس

ایس 22 , ایس 22 پلس اور ایس 22 الٹرا تینوں کے انٹرنیشنل ماڈل میں سام سنگ کی اپنی ایکزینوس 2200 چپ کا استعمال کیا گیا ہے جب کہ امریکہ کی مارکیٹ میں دستیاب ماڈلز میں کوالکوم کی نئی 8 جین ون چپ لگائی گئی ہے۔ یہ دونوں چپیں چار نینو میٹر پر مشتمل ہیں۔

سام سنگ کا دعویٰ ہے کہ یہ اب تک کی سب سے تیز ترین چپ ہے۔

اسی طرح ایس 22 اور ایس 22 پلس میں کیمرے کو بھی اپ گریڈ کیا گیا ہے اور مین کیمرا پچاس میگا پکسل کا رکھا گیا ہے جس میں نئی نائٹ ٹائم فوٹوگرافی کے فیچر کو شامل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پوٹریٹ موڈ کو بھی پہلے سے بہتر کیا گیا ہے۔

ان دونوں ماڈلز میں گزشتہ سال کی طرح 120 ہرٹز تک کا فاسٹ ڈسپلے، ڈیڑھ میٹر تک پانی اور مٹی سے تحفظ اور اسکرین پر گوریلا گلاس وکٹس کو شامل کیا گیا ہے۔

البتہ ایس 22 میں اس سال بیٹری سائز کو کچھ کم کیا گیا ہے اور 3700 ایم اے ایچ کی بیٹری ایس 22 اور 4500ایم اے ایچ کی بٰیٹری ایس 22 پلس میں ہے۔

ایس 22 الٹرا

ان دونوں ماڈلز کے مقابلے میں ایس 22 الٹرا خصوصی طور پر ایسے افراد کو ٹارگٹ کرتا ہے جو زیادہ بڑا فون رکھنا پسند کرتے ہیں۔ کیوں کہ اس کا اسکرین سائز 6.8 انچز رکھا گیا ہے۔

اس کے علاوہ جو چیز الٹرا ماڈل کو دیگر دو ماڈل سے منفرد کرتی ہے وہ اس کا ڈسپلے، کیمرا ، ایس پین اور اسٹوریج کا آپشن ہے۔ الٹرا ماڈل میں کواڈ ایچ ڈی ڈسپلے ریزولوشن فراہم کی گئی ہے۔

سام سنگ کے اس فلیگ شپ فون میں ایس پین بھی دیا جا رہا ہے جو اس سے قبل گلیکسی نوٹ سیریز میں دیا جاتا تھا۔ اسی طرح یہ فون ان لوگوں کو بھی خاص پسند آئے گا جو تصویروں کا شوق رکھتے ہیں۔

ایس 22 الٹرا کے بیک پر چار کیمرے لگائے گئے ہیں جس میں مین کیمرا 108 میگا پکسل کا رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 10 میگا پکسل کا پیری اسکوپ اور 10 میگاپکسل کا ٹیلی فوٹو کیمرا رکھا گیا ہے جو تصویر کو قریب سے کھینچنے میں مدد فراہم کرے گا۔

ایس 22 الٹرا

اسی طرح ایک 12 میگا پکسل کا الٹرا وائڈ کیمرا بھی ایس 22 الٹرا کا حصہ ہے۔

سیلفی لورز کے لیے سام سنگ نے اپنے اس فون میں 40 میگا پکس کا کیمرا رکھا ہے جو نہ صرف روشنی بلکہ کم لائٹ میں بھی اچھی تصویریں کھینچنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

الٹرا ماڈل میں ریم اور اسٹوریج کو بھی الٹرا رکھنے کی کوشش کی گئی ہے ۔ ایس 22 الٹرا میں 12 جی بی ریم اور ایک ٹیرا بائٹ تک کی اسٹوریج کا آپشن موجود ہے۔

اس فون میں پانچ ہزار ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے جسے 45 واٹ کی فاسٹ چارچنگ سے چارج کیا جا سکتا ہے۔

آخر میں بات قیمت کی تو سام سنگ کے گلیکسی ایس 22 کی قیمت 799 ڈالر، ایس 22 پلس کی 999 ڈالر اور ایس 22 الٹرا کی 1199 ڈالر سے شروع ہوتی ہے۔ تینوں فونز کی پری بکنگ شروع کر دی گئی ہے جو 25 فروری سے دستیاب ہوں گے۔