سلمان خان بی جے پی کے خلاف الیکشن لڑیں گے؟

فائل فوٹو

بھارتی میڈیا میں ان دنوں بہت گرما گرم بحث چھڑی ہوئی ہے کہ کیا بالی وڈ ایکٹر سلمان خان جو ماضی میں نریندر مودی کے مداح رہے ہیں، مودی حکومت اور ان کی جماعت بی جے پی کے خلاف کانگریس کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے پر راضی ہوجائیں گے؟

ریاستی وزیرِ اعلیٰ کمل ناتھ کی جانب سے مسلسل اشارے مل رہے ہیں کہ سلمان خان بھارت کی دوسری سب سے بڑی ریاست 'مدھیہ پردیش' سے کانگریس کے ٹکٹ پر لوک سبھا کا الیکشن لڑنے کی تیاریوں میں ہیں۔

کانگریس کی ریاستی حکومت کے وزیرِ اعلیٰ کمل ناتھ کا کہنا ہے کہ سلمان خان اپنی انتخابی مہم کے سلسلے میں اپریل کا آدھے سے زیادہ مہینہ مدھیہ پردیش میں گزاریں گے۔ تاہم سلمان کی جانب سے ابھی اس حوالے سے واضح بیان آنا باقی ہے۔

بھارت کا الیکشن کمیشن ہفتے انتخابی شیڈول کا اعلان کرنے والا ہے۔ لہذا بہت جلد تصویر واضح ہوجائے گی کہ سلمان خان حکمراں جماعت کے خلاف الیکشن لڑیں گے یا نہیں۔

سلمان خان مودی کے مداح رہے ہیں لہذا اگر وہ کانگریس کے ٹکٹ سے انتخاب لڑتے ہیں تو یہ بھارتی سیاست اور انٹرٹینمنٹ کی دنیا کی بڑی خبر ہوگی۔

کانگریس کے حلقے مدھیہ پردیش کے شہر اندور سے سلمان خان کو الیکشن لڑانے پر مسلسل اصرار کر رہے ہیں۔ ریاستی وزیرِ اعلیٰ کمل ناتھ اصرار کرنے والوں میں سرِ فہرست ہیں۔

سلمان خان نے ان کے اصرار پر کانگریس کی حمایت کرنے پر تو رضامندی ظاہر کردی ہے اور اسی وجہ سے انہوں نے اپریل کا مہینہ ریاست مدھیہ پردیش میں گزارنے کا ارادہ بھی کیا ہے۔ کچھ بعید نہیں کہ وہ جلد الیکشن لڑنے پر بھی آمادگی ظاہر کردیں۔

سلمان خان اندور میں ہی پیدا ہوئے تھے اور وہیں انہوں نے ابتدائی زندگی کے کچھ سال گزارے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں اندور سے گہری انسیت ہے اور اندور کی عوام انہیں آج بھی 'اپنا' مانتی ہے۔

سلمان خان گاہے بگاہے اندرو جاتے ہیں۔ اسی سبب کانگریس نے انہیں جنوری میں یہاں سے الیکشن لڑنے اور ٹکٹ دینے کی پیشکش کی تھی۔

سلمان خان نے نریندر مودی کی آبائی ریاست گجرات کی بہت سی صنعتوں میں سرمایہ کاری کی ہوئی ہے جب کہ مودی جی کی دعوت پر گجرات بھی آتے جاتے رہے ہیں۔

کچھ عرصہ قبل ایک تہوار کے موقع پر انہوں نے نریندر مودی کے ساتھ مل کر پتنگ بھی اڑائی تھی اور اس موقع پر ان کی دل کھول کر تعریف بھی کی تھی۔

بھارت اور پاکستان میں فلمی ستاروں کا سیاست میں آنا کوئی نئی بات نہیں۔

امیتابھ سے لے کر رجنی کانت تک بے شمار ستارے ایسے ہیں جو پہلے فلمی پردے پر چمکے اور بعد میں سیاسی میدان میں قسمت آزمائی کی۔ پاکستان میں بھی اداکار محمد علی، کمال، گلوکار ابرار الحق، حمزہ علی عباسی اور کئی دیگر شوبز سے سیاست کا رخ کرچکے ہیں۔