میگا اسٹار سلمان خان کو بالی وڈ فلم انڈسٹری میں کام کرتے ہوئے 31 سال مکمل ہو گئے ہیں۔ اس عرصے میں انہوں نے سیکڑوں فلموں میں کام کیا جن کی بدولت آج وہ بھارتی سنیما کے مشہور ترین اداکاروں میں سے ایک ہیں۔
سلمان خان کی عمر اب 53 سال ہو چکی ہے۔ فلمی دنیا میں آمد کی 31 ویں سالگرہ کے موقع پر سلمان خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بچپن کی ایک بلیک اینڈ وائٹ تصویر پوسٹ کی۔ انہوں نے اس تصویر کے ساتھ اپنے مداحوں کے لیے پیغام بھی لکھا کہ وہ اپنے تمام مداحوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے انہیں ہمیشہ سپورٹ کیا۔
انہوں نے فلم انڈسٹری کے لوگوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ سلمان خان کا کہنا تھا کہ وہ ان تمام لوگوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے انہیں اتنے لمبے فلمی سفر میں ان کا ساتھ دیا۔ پرستاروں اور فلم انڈسٹری کے لوگوں کے بغیر ان کا یہ سفر ادھورا رہتا۔
واضح رہے کہ سلمان خان سوشل میڈیا پر خاصے متحرّک رہتے ہیں اور ان کے فالوورز بہت بڑی تعداد میں پوری دنیا میں موجود ہیں۔
سلمان خان کی اب تک ریلیز ہونے والی آخری فلم ’بھارت‘ تھی جب کہ انہوں نے فلم ’بیوی ہو تو ایسی‘ میں اداکاری کے ساتھ 1988 سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
اس کے اگلے ہی سال یعنی سن 1989 میں ان کی دوسری فلم ’میں نے پیار کیا‘ ریلیز ہوئی جو میگا ہٹ ثابت ہوئی۔ اس فلم سے سلمان خان راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے جس کے بعد انہوں نے کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور ایک کے بعد ایک ہٹ فلم دیتے چلے گئے۔
ان کی کچھ فلموں نے بے شک کم بزنس کیا لیکن وہ ناکام نہیں رہیں اور اس میں لگایا گیا سرمایہ منافع کے ساتھ واپس آتا رہا۔
سلمان خان فلموں کے ساتھ ٹی وی پروگراموں میں بھی بطور میزبان شرکت کرتے رہے ہیں جن میں ’بگ باس‘ اور ’دس کا دم‘ شامل ہیں۔
ان پروگراموں کی کامیابی کا سہرا بھی سلمان خان کے سر باندھا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ ’بگ باس‘ کے ہر سیزن کا الگ الگ اور ہر بار زیادہ سے زیادہ معاوضہ طلب کرتے ہیں۔ ان کے پروگراموں کی صرف ایک قسط کا معاوضہ ہی کروڑوں میں ہوتا ہے۔
سلمان خان ہی وہ فنکار ہیں جن کی معمولی فلمیں بھی تین سو کروڑ تک کا بزنس کر جاتی ہیں۔
آج کسی فلم میں سلمان خان کی موجودگی فلم کی کامیابی کی گارنٹی ہے۔ ان کی آئندہ آنے والی فلم جس کا ان کے پرستاروں کو بے چینی سے انتظار ہے وہ ’دبنگ تھری‘ ہے جو رواں سال دسمبر میں ریلیز ہو گی۔