خارکیف میں روسی فضائی حملے میں کم از کم 19 زخمی

یوکرین کے علاقے زپوریژیا میں ایک اہل کار روسی ڈرون حملے سے ایک مکان کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لے رہا ہے۔ 25 نومبر 2024

  • روس اور یوکرین کی جنگ میں دونوں کے ایک دوسرے پر راکٹ اور ڈرون حملے جاری ہیں۔
  • یوکرینی حکام کے مطابق تازہ ترین روسی حملے میں خارکیف میں کم از کم 19 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
  • روس نے ان حملوں میں 140 ڈرونز استعمال کیے اور یوکرین کے مطابق ان میں سے 71 کو مار گرایا گیا۔
  • روس کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ اس نے یوکرین کے 23 ڈرونز کو مار گرایا ہے۔
  • یوکرین کے صدر زیلنسکی نے کہا ہے کہ روسی حملوں کو روس کے خلاف پابندیوں، دباؤ اور ہتھیار بنانے کے وسائل تک اس کی رسائی روک کر اور یوکرین کی فوجی امداد بڑھا کر روکا جا سکتا ہے۔

یوکرین کے حکام نے پیر کو بتایا کہ شمال مشرقی شہر خارکیف پر ہونے والے روسی حملے میں کم از کم 19 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

خارکیف کے گورنر اولیہ سینیوبوف نے مختصر پیغام رسانی کے ایک پلیٹ فارم ٹیلی گرام کو بتایا کہ روسی فورسز نے ایک احاطے کو ہدف بنایا جس سے 40 سے زیادہ مکانوں کو نقصان پہنچا۔

ایک اور خبر کے مطابق یوکرین کے علاقے اوڈیسا کے گورنر اولیہ کیپر نے بتایا ہے کہ اوڈیسا شہر پر ہونے والے راکٹ حملے میں جانی نقصان بھی ہوا ہے۔

SEE ALSO: روس کے نئے میزائل حملے کے بعد نیٹو اور یوکرین کے ہنگامی مذاکرات 

روس نے ایک اور حملہ یوکرین کے علاقے زپوریژیا میں کیا۔ وہاں کے گورنر آئیون فیڈروف کے مطابق اس حملے میں کئی مکانوں کو نقصان پہنچا اور ایک بچہ زخمی ہوا۔

یوکرین کے علاقے میکولائف کے گورنرویٹالی کم نے پیر کے روز ٹیلی گرام کو بتایا کہ روسی ڈرونز نے توانائی کے انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچایا جس سے بجلی کی فراہمی میں خلل پڑا۔

یوکرین کے علاقے اوڈیسا میں ایک عمارتی احاطے پر روسی میزائل حملے میں 40 سے زیادہ مکانوں کو نقصان پہنچا۔ حملے کے بعد مکانوں کا ملبہ بکھرا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ 25 نومبر 2024

یوکرین کی ایئر فورس نے کہا ہے کہ روس نے رات بھر جاری رہنے والے تازہ ترین حملوں میں 140 ڈرونز استعمال کیے جن میں سے 71 کو مار گرایا گیا۔

یوکرین کے صدرولودیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ یوکرینیوں کی زندگی پر ہونے والے ان حملوں کو، دباؤ کے ساتھ، پابندیوں کے ساتھ، قابضین کی دہشت گردی کے وسائل تیار کرنے والے اجزا تک رسائی کو روکنے اور یوکرین کو ہتھیاروں کے پیکج دے کر روکا جا سکتا ہے۔

Your browser doesn’t support HTML5

روس کے یوکرین پر بڑے پیمانے پر فضائی حملے جاری

روس کی وزارت دفاع نے پیر کو کہا کہ اس نے رات بھر کے حملوں میں یوکرین کے 23 ڈرون مار گرائے۔

وزارت دفاع کے مطابق روسی ایئر ڈیفنس نے کالوگا کے علاقے میں 8 ڈرونز مار گرائے، جب کہ کرسک کے علاقے میں 7 اور بلگراڈ میں تین ڈرون گرائے گے۔

کالوگا میں حکام نے بتایا ہے کہ ڈرون کا ملبہ گرنے سے ایک صنعتی تنصیب کو نقصان پہنچا ہے۔

(وی او اے نیوز)