روس میں حکام نے بتایا ہے کہ دریائے وولگا میں سیاحوں کی ڈوبنے والی ایک کشتی میں سوار نو افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جب کہ 100 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
حکام کے مطابق لاپتہ افراد کے زندہ بچنے کے اُمید بہت کم ہے ۔ کشتی میں سوار تقریباً 80دیگر افراد کو زندہ بچا لیا گیا یا وہ تیر کر دریا کے کنارے تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے۔
روسی عہدیدار اس خدشے کا اظہار کررہے ہیں کہ لاپتہ ہونے والوں میں بہت سے بچے ہیں۔ زندہ بچ جانے والے افرا د نے بتایا ہے کہ کشتی بہت پرانی تھی اور اس میں گنجائش سے زیادہ افراد سوار تھے ۔ اُنھوں بتایا کہ بارش اور تیزہوا کے دوران جیسے ہی کشتی نے تیرنا شروع کیاتو وہ ایک طرف سے ڈوبنا شروع ہوگئی او ر یہ اتنی تیزی سے دریا برد ہوئی کہ عملے کو کارروائی کا کوئی موقع ہی نہیں ملا۔
یہ حادثہ دارالحکومت کے مشرق میں 750کلومیٹر کے فاصلے پر پیش آیا ۔ وولگا یورپ کا سب سے بڑا دریا ہے اور یہ سیاحوں میں بہت مقبول ہے۔