سی این این نے ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف مقدمہ کردیا

ٹرمپ انتظامیہ نے گذشتہ ہفتے اکوسٹا کا ’ہارڈ پاس‘ معطل کر دیا تھا، جس کی بدولت اُنھیں وائٹ ہاؤس تک رسائی حاصل تھی

سی این این نے اپنے رپورٹر، جِم اکوسٹا کی وائٹ ہاؤس تک رسائی بحال کرانے کے لیے ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے، جن کی پریس دستاویزات واپس لے لی گئی ہیں۔

ٹیلی ویژن نیوزنیٹ ورک نے یہ قانونی چارہ جوئی منگل کے روز واشنگٹن کی وفاقی ضلعی عدالت میں دائر کی۔

سی این این نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’پریس کے اجازت نامے کی غلط طور پر معطلی سی این این اور اکوسٹا کی پہلی ترمیم کے تحت حاصل آزادی صحافت، اور پانچویں ترمیم کے مطابق درج حقوق کی خلاف ورزی ہے‘‘۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’ہم نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ فوری امتناعی حکم جاری کرتے ہوئے، جِم کا پریس کارڈ واپس کیا جائے، جب کہ گذارش منظور کرتے ہوئے اُن کا قانونی حق مستقل طور پر بحال کیا جائے‘‘۔

اکوسٹا سی این این کے اہم ترین نمائندے ہیں۔ وہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور وائٹ ہاؤس کے دیگر اعلیٰ اہلکاروں سے سخت سوال کرنے کا شہرہ رکھتے ہیں۔

ٹرمپ انتظامیہ نے گذشتہ ہفتے اکوسٹا کا ’ہارڈ پاس‘ معطل کر دیا تھا، جس کی بدولت اُنھیں وائٹ ہاؤس تک رسائی حاصل تھی۔

دستاویز کی معطلی اس وقت عمل میں آئی جب اکوسٹا نے وسط امریکی تارکین وطن کے قافلے سے متعلق ٹرمپ کی جانب سے ’’چڑھائی‘‘ کے لفظ کے استعمال پر سوال کیا۔