تاریخ میں پہلی بار، فلم بھارت میں، ری میک پاکستان میں

فلم کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے شان شاہد نے سن 2015ء میں مہیش بھٹ سے ملاقات کی اور انہیں اپنی اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ ’ارتھ‘ کا ری میک پاکستان میں بنانا چاہتے ہیں۔

مہیش بھٹ بالی ووڈ فلم انڈسٹری کی ایسی شخصیت ہیں جنہوں نے اپنی ساری عمر دے کر اسے سینچا، اسے پروان چڑھایا ہے۔ ان کی ایک فلم پاکستان اور بھارت میں ایک نئی تاریخ رقم کرنے والی ہے۔ فلم ہے ’ارتھ‘ اور یہ سن اسی کی دہائی میں ریلیز ہوئی تھی۔

اس فلم کا ری میک بھارت میں نہیں بلکہ پاکستان میں بنایا جا رہا ہے۔ ایسا دونوں ممالک کی تاریخ میں پہلی بار ہو رہا ہے۔ اسے ایک اہم سنگ میل بھی کہا جا سکتا ہے۔

مہیش بھٹ کی1982 میں بننے والی ’ارتھ‘ میں شبانہ اعظمی اور سمیتا پاٹل جیسے آرٹ فلموں کے بڑے چہرے نمایاں تھے۔ دیگر کاسٹ میں شامل تھے ہیرو راج کرن اور کل بھوش کھربندا۔

پاکستانی ری میک ’ارتھ ٹو‘ میں راج کرن کا کردار شان شاہد ادا کریں گے، جبکہ ہیروئن عمائمہ ملک ہوں گی جو اسمیتا پاٹل کا کردار ادا کریں گی۔ شبانہ کا کردار عظمیٰ حسن کو اور کل بھوشن کھربندا کا کردار محب مرزا کو ملا ہے۔

فلم کی کامیابی کو ایک جملے میں بیان کیا جائے تو یہ لکھنا کافی ہوگا کہ ’’فلم ’ارتھ‘ بنا کر مہیش بھٹ نے فلمیں بنانا ہی چھوڑ دیں۔۔۔‘‘

’ارتھ‘ نے کئی نیشنل اور انٹرنیشنل ایوارڈز سے اپنی جھولی بھری۔

ایک بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق ’’ فلم کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے شان شاہد نے سن 2015ء میں مہیش بھٹ سے ملاقات کی اور انہیں اپنی اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ ’ارتھ ‘ کا ری میک پاکستان میں بنانا چاہتے ہیں۔ ‘‘

ایک اور بھارتی جریدے ’ممبئی مرر‘ نے اپنی رپورٹ میں اس امر کی تصدیق کی ہے کہ مہیش بھٹ نے شاہد کی خواہش پر انہیں ’ارتھ‘ کا ری میک بنانے کی اجازت دے دی اور وہ بھی بلا معاوضہ۔

بقول مہیش بھٹ، ’’شان اپنے ملک اور اپنی فلم انڈسٹری کے تقاضوں کے مطابق فلم کو شوٹ کریں گے۔ ہر شخص کا اپنا ویو ہوتا ہے۔ شان کے بھی اپنے نظریات ہیں۔ اب وہ کہانی کو کس انداز میں ٹریٹ کریں گے یہ مجھے بھی نہیں پتہ۔‘‘

شان کا کہنا ہے کہ ’ارتھ ٹو‘ پہلی اوریجنل بھارتی کہانی ہوگی جس پر پاکستان میں فلم بن رہی ہے۔ فلم لاہور میں شوٹ ہوگی۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر ہم دونوں ممالک کے درمیان فلمی تجارت کے خواہاں ہیں تو ’ارتھ ٹو‘ رول ماڈل ہوگی۔

شان نے حال ہی میں اپنے ’انسٹاگرام پیچ‘ پر فلم کے کچھ پوسٹرز شیئر کئے ہیں۔

انہیں دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ فلمی کہانی جدید دور کے مطابق ڈھالی گئی ہے اور اس کا پس منظر 80ء کی دہائی والا نہیں بلکہ 2017والا ہوگا کیوں کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق فلم رواں سال دسمبر میں ریلیز ہوگی۔