’رنگپور رائیڈرز‘ نے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ جیت لی

بنگلہ دیش پریمئر لیگ کے فائنل میں رنگپور رائیڈرز نے دفاعی چیمپئن ڈھاکا ڈائنا مائٹس کو 57 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

شیر بنگلا اسٹیڈیم، میرپور میں ’بی پی ایل‘ کا فائنل شو کرس گیل کے نام رہا۔ جارح مزاج بیٹسمین نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 69 گیندوں پر 18 چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 146 رنز کی ناقابلِ شکست ریکارڈ اننگز کھیلی جو ٹی ٹوئنٹی میچوں میں ان کی 20 ویں سنچری ہے۔

کرس گیل 18 چھکے ٹی ٹوئنٹی میچ میں کسی بھی کھلاڑی کے ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی گیل نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں گیارہ ہزار رنز بھی مکمل کرلیے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے مک کولم نے کرس گیل کا بھرپور ساتھ دیا اور 43 گیندوں کا سامنے کرتے ہوئے 51 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں تین چھکے اور چار چوکے شامل ہیں۔

دونوں بیٹسمینوں نے دوسری وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 198رنز بنائے۔ رنگپور رائیڈرز کے آؤٹ ہونے والے واحد کھلاڑی جانسن چارلس نے تین رنز بنائے۔

نسبتاً مشکل ہدف کے تعاقب میں ڈھاکا ڈائنامائٹس کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور پہلے ہی اوور میں مہدی معروف مشرفی مرتضیٰ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ دوسرے اوور میں ڈینلی بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے۔

ایک رن پر دو وکٹیں گرنے بعد ٹیم دباؤ کا شکار ہوگئی، جس کے بعد ظہور الاسلام کے سوا کوئی بھی بیٹسمین رنگپور رائیڈرز بولرز کا جم کر سامنا نہ کرسکا اور ایک کے بعد ایک پویلین لوٹتا رہا۔ظہور الاسلام نے 50 رنز کی اننگز کھیلی۔

شکیب الحسن 26، پولارڈ 5، شاہد آفریدی 8، مصدق حسین ایک اور سنیل نارائن 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

اس طرح ڈھاکا ڈائنامائٹس کی پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنا سکی اور رنگپور رائیڈرز کی ٹیم بی پی ایل سیزن فائیو کی چمپئن بن گئی۔

کرس گیل کو دھواں دار بیٹنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔