قذافی اسٹیڈیم بنگلہ دیش کی میزبانی کے لیے تیار

قذافی اسٹیڈیم میں تماشائیوں کے اسٹیںڈ میں صفائی ستھرائی اور چھوٹا موٹا مرمتی کام مکمل کر لیا گیا ہے۔

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کے لیے بدھ کی شب پاکستان پہنچے گی۔ اس سے قبل قذافی اسٹیڈیم میں 24 جنوری کو کھیلے جانے والے سیریز کے پہلے میچ کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

قذافی اسٹیڈیم میں تماشائیوں کے اسٹیںڈ میں صفائی ستھرائی اور چھوٹا موٹا مرمتی کام مکمل کر لیا گیا ہے جب کہ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے پچ بھی تیار کر لی گئی ہے۔

پاکستانی شائقین کرکٹ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کو ہوم گراؤنڈ میں کھیلتے ہوئے دیکھںے کے لیے جہاں پرجوش ہیں وہیں پاکستان کرکٹ بورڈ بھی مہمان ٹیم کی میزبانی کے لیے تیاریوں میں مصروف ہے۔

بنگلہ دیش نے آخری مرتبہ 2008 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جس کے بعد بی سی بی نے دو مرتبہ دورۂ پاکستان پر آمادگی کا اظہار کیا لیکن سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر ٹیم پاکستان نہ بھیجی۔

تاہم اس مرتبہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم پاکستان میں تین مختلف مراحل میں ٹیسٹ، ٹی ٹوئنٹی سیریز اور ایک ون ڈے کھیلے گی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مہمان ٹیم 24، 25 اور 27 جنوری کو ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلے گی۔ محمد اللہ کی قیادت میں بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم بدھ کی شب لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے گی۔

بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت بابر اعظم کریں گے۔ پاکستانی اسکواڈ بیشتر جونیئر کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ محمد حفیظ، شعیب ملک، افتخار احمد، محمد رضوان، عماد وسیم، شاداب خان، عثمان قادر، عماد بٹ، محمد حسنین، شاہین شاہ آفریدی، خوش دل شاہ، محمد موسیٰ، احسان علی اور حارث رؤف شامل ہیں۔