پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے لیے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) اور مسلم لیگ (ن) نے تیاریاں شروع کر دی ہیں اور الیکشن میں حصہ لینے کے خواہش مند امیدواروں سے درخواستیں بھی طلب کر لی ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے انتخابات 30 اپریل کو ہونا ہیں جس کے لیے الیکشن کمیشن میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری روز ہے۔
لاہور سے وائس آف امریکہ کے نمائندے ضیا ءالرحمٰن کے مطابق مسلم لیگ( ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز اور حمزہ شہباز اپنے وکیل کے ذریعے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات اور مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب نے منگل کو ایک ٹوئٹ میں کہا کہ مسلم لیگ ن کا ٹکٹ حاصل کرنے والے امیدوار 18 مارچ تک اپنی درخواستیں پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ میں جمع کرا دیں۔
اسی طرح پی ٹی آئی کے ٹکٹ کے خواہش مند افراد بھی پارٹی کو درخواست جمع کرا رہے ہیں۔
صوبہ پنجاب کے انتخابات میں حصہ لینے کے خواہش پارٹی امیدوار اپنی درخواستیں 18 مارچ تک مرکزی سیکرٹریٹ، 180 ایچ، ماڈل لاہور میں جمع کرا دیں۔ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 18 مارچ ہے۔ پارٹی کے فیصلے کے مطابق امیدواروں کو پھر مطلع کیا جاتا ہے کہ جلد از جلد درخواستیں جمع کرادیں
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) March 14, 2023
پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو ایک خط لکھا ہے جس میں انہوں نے استدعا کی ہے کہ صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے لیے عدالتی افسران نامزد کیے جائیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ عدالتی افسران پر مشتمل ڈی آر اوز اور آر اوز کے ذریعے ہی انتخابات کرائے جاتے ہیں اس لیے پنجاب اسمبلی کے الیکشن میں شفافیت برقرار رکھنے کے لیے ایسا ہی کیا جائے۔
خط کے مطابق تحریکِ انصاف کو انتخابات کے انعقاد کے لیے عدالتی افسران کی نامزدگیوں کے لیے الیکشن کمیشن کی درخواست مسترد کیے جانے پر تشویش ہے۔
پاکستان تحریک انصاف نے لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سے انتخابات کیلئے عدالتی افسران کی نامزدگیوں کی استدعا کر دی مرکزی سنئیر نائب صدر چوہدری فواد حسین کا چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو خط pic.twitter.com/qtIRBBbNTq
— PTI (@PTIofficial) March 14, 2023
الیکشن کمیشن میں کاغذات نامزدگی جمع ہونے کا عمل منگل کو مکمل ہونے کےبعد 22 مارچ تک ان کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لیے صوبے بھر میں 297 ریٹرننگ افسران پر مشتمل آن لائن اسکروٹنی سیل قائم کر دیا گیا ہے۔
ریٹرننگ افسران امیدوار کے کوائف کا اندراج اسکروٹنی سافٹ ویئر میں کریں گے جسے نادرا، اسٹیٹ بینک، ایف بی آر، نیب، اور ایف آئی اے سے منسلک کیا گیا ہے۔
صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار پانچ اپریل تک کاغذات نامزدگی واپس لےسکیں گے جب کہ الیکشن کمیشن چھ اپریل کو انتخابی نشانات الاٹ کرے گا۔