پی ٹی آئی نے زرداری کے خلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کردیا

فائل

رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سابق صدر اور موجودہ رکن قومی اسمبلی نے امریکہ کے شہر نیویارک میں واقع اپنی جائداد کو الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے اثاثوں میں ظاہر نہیں کیا

تحریک انصاف کی جانب سے سابق صدر آصف علی زرداری کو نااہل کرانے کے لئے ریفرنس الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیا گیا، جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے بھی وزیر اعظم عمران خان اور وفاقی وزیر کے اثاثوں کی تفصیلات حاصل کرنے کی استدعا کردی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سابق صدر آصف علی زرداری کو ناہل کرانے سے متعلق درخواست الیکشن کمیشن آف پاکستان کےکراچی میں واقع صوبائی دفتر میں جمع کرائی گئی ہے۔

رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سابق صدر اور موجودہ رکن قومی اسمبلی نے امریکہ کے شہر نیویارک میں واقع اپنی جائداد کو الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے اثاثوں میں ظاہر نہیں کیا۔

رکن صوبائی اسمبلی نے دائر درخواست میں مزید کہا ہے کہ اثاثے چھپانے کے معاملے پر سابق صدر کے خلاف آئین کے آرٹیکل 62 1 ایف کے تحت کارروائی کی جائے اور انہیں اسمبلی کی رکنیت سے نااہل قرار دیا جائے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی نے بھی اپنی رپورٹ جمع کروا دی ہے جس میں، ان کے بقول، سابق صدر کی کرپشن واضح ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’تحریک انصاف نے کرپشن کے بڑے بڑے ہاتھیوں کے خلاف کاروائی کا فیصلہ کرلیا ہے اور اب ایسے تمام کرداروں کو سامنے لایا جائے گا اور ان کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی‘‘۔

صوبائی الیکشن کمشنر نے درخواست وصول کرتے ہوئے کہا کہ درخواست پر کاروائی صرف الیکشن کمیشن کا مرکزی دفتر اسلام آباد ہی کرسکتا ہے۔ دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی الیکشن کمیشن سے عمران خان اور فیصل واوڈا کے اثاثوں کی تفصیلات مانگ لی ہیں۔ پیپلز پارٹی کے وفد نےسیکریٹری الیکشن کمیشن سےملاقات کی اور وزیر اعظم عمران خان اور وفاقی وزیر کے اثاثوں کی تفصیلات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی جماعت نے عمران خان کی جانب سے تمام انتخابات سے قبل جمع کرائے گئے گوشواروں کی تفصیلات مانگی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت حکومت اور اپوزیشن میں موجود تمام لوگوں کا بلا امتیاز احتساب چاہتی ہے۔ اگر ان کی قیادت پر کوئی الزمات ہیں تو وہ مقدمات کا سامنا کریں گے۔ لیکن، احتساب کا قانون سب کے لیے یکساں ہونا چاہئے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ’منی ٹریل‘ بھی مشکوک ہے اور اسی لئے پیپلز پارٹی نے آئینی اور قانونی راستہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ادھر، پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے آصف زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کے خلاف مقدمات کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ دونوں کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں کوئی براہ راست الزام نہیں۔ خورشید شاہ کا مزید کہنا تھا کہ سیاست میں سب ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کی ملاقات بھی ممکن ہوسکتی ہے۔