پاکستان سپر لیگ کا ٹائٹل اسلام آباد یونائیٹڈ کے نام

فائل

یونائیٹڈ کی فتح میں ڈیوائن اسمتھ اور بریڈ ہیڈن کی شاندار بلے بازی نے بنیادی کردار ادا کیا۔ اسمتھ نے 73 رنز بنائے اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

پاکستان کی پہلے ٹی20 سپر لیگ کے فائنل میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چھ وکٹوں سے ہراکر ایونٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا ہے۔

منگل کو دبئی میں کھیلے جانے والے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 174 رنز بنائے تھے۔ جواباً اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ ہدف 4ء18 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر بآسانی حاصل کرلیا۔

یونائیٹڈ کی فتح میں ڈیوائن اسمتھ اور بریڈ ہیڈن کی شاندار بلے بازی نے بنیادی کردار ادا کیا۔ اسمتھ نے 73 رنز بنائے اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ ہیڈن نے 61 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے۔

گلیڈی ایٹرز کے ٹاپ اسکورر احمد شہزاد رہے جنہوں نے ایک چھکے اور نو چوکوں کی مدد سے 39 گیندوں پر 64 رنز بنائے۔ سنگاکارا نے 55 رنز اسکور کیے۔

میچ کی تیسری ہی گیند پر کوئٹہ گلیڈی ایٹر کو بسم اللہ خان کی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا جو بغیر کوئی رن بنائے محمد عرفان کی گیند پر بریڈ ہیڈن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

گلیڈی ایٹرز کے آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی کیون پیٹرسن تھے جو 18 رنز بناسکے۔ پندرہویں اوور میں سنگاکارا جب کہ اگلے ہی اوور میں محمد نواز بالترتیب 55 اور 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو کوئٹہ کا اسکور چار وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز تھا۔

تاہم اس دوران وکٹ کے ایک اینڈ پر موجود اوپنر احمد شہزاد مسلسل رنز میں اضافہ کرتے رہے۔ شہزاد 64 رنز بنا کر 17 ویں اوور میں محمد سمیع کی گیند پر سیموئل بدری کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد صرف تین رنز اسکور کرسکے۔ انور علی 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ گرینٹ ایلیٹ 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے آندرے رسل نے تین اور محمد عرفان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سیموئل بدری اور محمد سمیع نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ کے آغاز سے قبل اسٹیڈیم میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی ہوا۔

متحدہ عرب امارات میں پاکستان سپر لیگ کے کامیاب انعقاد کے بعد کرکٹ مبصرین اس توقع کا اظہار کر رہے ہیں اس سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔