پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں مجموعی طور پر 10 لاکھ امریکی ڈالرز (15 کروڑ روپے سے زائد) کی انعامی رقم نمایاں کارکردگی پیش کرنے والے کھلاڑیوں میں تقسیم کی جائے گی۔
ایونٹ کا فائنل جیتنے والی ٹیم کو چمچماتی ہوئی ٹرافی کے ساتھ ساتھ پانچ لاکھ اور دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو دو لاکھ امریکی ڈالرز دیے جائیں گے۔
انعامی رقم کا اعلان منگل کو پی ایس ایل کی آفیشل ویب سائٹ پر کیا گیا۔ جس کے مطابق ایونٹ میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے۔ ہر میچ کے 'بہترین کھلاڑی' کو ساڑھے چار سو امریکی ڈالر ملیں گے۔
اسّی ہزار امریکی ڈالرز کی انعامی رقم ایونٹ کے بہترین کھلاڑی، بہترین بلے باز، بہترین بالر اور 'اسپرٹ آف کرکٹ' کے ایوارڈ یافتہ کھلاڑیوں میں برابر، برابر تقسیم کر دی جائے گی۔
باقی رقم ٹورنامنٹ کے دوران 'بہترین کیچ'، 'بہترین رن آؤٹ' اور 'سب سے زیادہ چھکے' لگانے والے کھلاڑیوں کے لیے مقررہ انعامات کی مد میں تقسیم کی جائے گی۔
ایونٹ کے تمام 34 میچز پر مشتمل 32 روزہ ایونٹ کو 12 برس قبل پاکستان میں کھیلے گئے ایشیا کپ 2008 کے بعد کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ تصور کیا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ 12 سال قبل چار ٹیسٹ کھیلنے والے ممالک کے علاوہ متحدہ عرب امارات اور ہانگ کانگ کی ٹیموں پر مشتمل ایونٹ لاہور اور کراچی میں کھیلا گیا تھا۔
پاکستان سپر لیگ کے تمام میچز20 فروری سے 22 مارچ تک پاکستان کے 4 شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
ایونٹ میں کل 6 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں اسلام آباد یونائٹیڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاور زلمی، لاہور قلندرز، کراچی کنگز اور ملتان سلطانز شامل ہیں۔
افتتاحی میچ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں جب کہ فائنل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔