پی ایس ایل کے نشریاتی حقوق فروخت

فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق، پاکستان سپر لیگ کے آئندہ تین سالہ 2019ء سے2021ء تک کے نشریاتی حقوق دو کمپنیوں کو دئیے گئے ہیں، جن میں بلٹس ایڈورٹائزنگ کمپنی اور ٹیک فرنٹ کمپنی شامل ہیں۔

اعلامیے کے مطابق، نشریاتی حقوق گزشتہ تین سالہ معاہدوں کے مقابلے میں تین سو اٹھاون گنا زیادہ ہیں۔ پہلے یہی نشریاتی حقوق 34 ملین میں فروخت کیے گئے تھے، جو اب 36 ملین میں فروخت کیے گئے ہیں۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ مقامی اور غیرملکی ٹی وی چینلز جو سنہ 2019ء میں ہونے والے پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن دکھائیں گے ان کے حوالے سے معاملات جلد طے پاجائیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق، ’’دونوں کمپنیوں سے طے پائے جانے والے معاہدے کی مالیت کو خفیہ رکھا گیا ہے‘‘۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میڈیا رائٹس اور لائیو اسٹریمنگ رائٹس کے حوالے سے انہوں نے اپنے اہداف حاصل کر لیے ہیں۔

پی سی بی اعلامیے کے مطابق، بلٹس ایڈورٹائزنگ پاکستان کی سب سے بڑی کمیونی کیشن گروپ سروس ہے جو ملک بھر میں موجود ہے جب کہ ٹیک فرنٹ متحدہ عرب امارات کے گلوبل اسپورٹس کامرس سے وابستہ ہے۔

پی ایس ایل سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا افتتاحی میچ آئندہ برس چودہ فروری کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندر کے درمیان متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں کھیلا جائے گا۔

چوتھے ایڈیشن کے تین میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں جبکہ فائنل میچ سمیت پانچ میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائینگے؛ جب کہ پی ایس ایل فور کا اختتامی میچ 17 مارچ 2019ء کو کھیلا جائے گا۔