امریکہ کے کئی اہم شہروں مین ہزاروں کی تعداد میں مظاہرین نے ہفتے کو جلوس نکالے اور اجتماعات میں شرکت کی۔ اپنی تقاریر میں مظاہرین نے جارج فلائیڈ کے ساتھ روا رکھے گئے سلوک پر احتجاج کیا اور پولیس اصلاحات پر زور دیا۔
نارتھ کیرولینا میں بیشمار لوگوں نے فلائیڈ کی میت کے تابوت کو دیکھنے کے لیے گھنٹوں تک انتظار کیا۔
یہاں واشنگٹن کے قدیم علاقے میں فوجی گاڑیاں کھڑی تھیں اور فوجی اہل کاروں نے علاقے کے کافی حصے کو ٹریفک کے لیے بند رکھا، جس کے بعد بڑی تعداد میں مظاہرین وہاں سے گزرے۔
اطلاعات کے مطابق، امریکہ کے کئی اہم شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے، جب کہ بیرون ملک لندن، پیرس، برلن اور سڈنی میں بھی مظاہرے کیے گئے۔
امریکہ کے کئی اہم شہروں میں آج درجنوں مظاہرے ہوئے، جب کہ اس سے قبل ہفتے بھر کئی مقامات پر احتجاج کیا جاتا رہا۔
جارج فلائیڈ کی ہلاکت کے فوری بعد امریکہ میں کئی مقامات پر مظاہروں کے دوران ہنگامہ آرائی اور لوٹ مار کے واقعات بھی سامنے آئے؛ لیکن حالیہ دنوں میں مظاہرین نے احتجاج میں پر امن ماحول برقرار رکھا۔
فلاڈلفیا اور شکاگو میں مظاہرین نے کتبے اٹھا رکھے تھے جن میں احتجاجی نعرے اور مطالبات درج تھے؛ اور مظاہرین نے خاموشی اختیار کر رکھی تھی۔ دونوں مقامات پر احتجاج کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔
واشنگٹن میں ہفتے کے دن خاصی گرمی تھی۔ تاہم، احتجاج کرنے والے پارلیمان کی عمارت کے سامنے اور نیشنل مال اور رہائشی علاقوں پر اکٹھے ہوئے اور وہاں سے گزرے۔
کئی گروپ وائٹ ہاؤس کی جانب گئے، جہاں رکاوٹوں کے حصار کھڑے کرنے کے علاوہ حفاظتی اقدامات کے طور پر سیکیورٹی کے غیرمعمولی اقدامات کیے گئے ہیں۔
جب میئر موریل باؤزر 16ویں اسٹریٹ کے ایک کونے پر نمودار ہوئیں، تو وہاں کھڑے اجتماع نے تالیاں بجائیں۔ میئر نے سڑک کے ایک مقام کو 'بلیک لائیوز میٹر پلازا' کے نام سے منسوب کیا۔
آرٹ لِنڈی پانچ پشتوں سے واشنگٹن میں آباد ہیں۔ جوںہی میئر منظر عام پر آئیں، آرٹ لنڈی نے 'نائب صدر باؤزر' کا نعرہ بلند کیا۔ ٹرمپ کے برعکس، باؤزر نے مظاہرین کے ساتھ ہمدردی کے کلمات ادا کیے، جس اقدام کی تعریف کی گئی۔
چھپن برس کی میئر کا تعلق شعبہ تعمیرات سے رہا ہے۔ آرٹ لنڈی نے کہا کہ باؤزر نے ''وفاقی اختیارات کی پرواہ کیے بغیر قابل تعریف اقدام کیے ہیں''۔
ادھر میناپولس میں اہل کاروں نے اس بات سے اتفاق کیا ہے کہ گرفتاری کے ضوابط کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، اور اب پولیس کی جانب سے گردن پر گھٹنا رکھنے کے ضابطے کی ممانعت ہو گی۔
کیلی فورنیا کے گورنر، گیون نیوسم نے احکامات جاری کیے ہیں کہ ریاست کی پولیس فورس کی تربیت کی جائے گی، جس میں نئے ضوابط اختیار کرنے اور ان پر کاربند رہنے پر زور دیا جائے گا، جس سے انسانی جان کو خطرے میں نہیں ڈالا جائے گا۔
کانگریس میں ڈیموکریٹک پارٹی کے ارکان نے اعلان کیا ہے کہ وہ پولیس اصلاحات کا بل تیار کر رہے ہیں جسے کانگریس میں پیش کیا جائے گا، جس میں پولیس کے احتساب کے نئے ضوابط اور شقیں شامل کی جائیں گی۔