ویٹی کن کا کہنا ہے کہ پوپ بینی ڈکٹ کی جانب سے ویٹی کن کے مالی معاملات میں شفافیت لانے اور منی لانڈرنگ کے خاتمے کیلیے جلد ایک حکم نامہ جاری کیا جائے گا۔
ویٹی کن انتظامیہ کی جانب سے بدھ کے روز جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پوپ بینی ڈکٹ – جو ویٹی کن کے انتظامی سربراہ بھی تصور کیے جاتے ہیں – کی جانب سے جاری کیے گئے حکم نامے کے بعد ویٹی کن کے مالی معاملات یورپی یونین اور عالمی برادری کے اصول و قواعد کے تحت چلانے میں مدد ملے گی۔
حکام کے مطابق حکم نامے کا اجراء جمعرات کے روز متوقع ہے اور اس سے منی لانڈرنگ اور دہشت گرد گروپوں کو مالی معاونت کی فراہمی جیسے معاملات کی روک تھام ممکن ہوگی۔
اس سے قبل اطالوی حکومت نے ویٹیکن کے 3 کروڑ ڈالرمالیت کے اثاثے ضبط کرلیے اور ویٹیکن بینک کے سربراہ ایٹورے گاٹی کے زیر تحقیقات رکھنے کا حکم جاری کیا تھا۔ ویٹیکن بینک پر بین الاقوامی مالیاتی ضابطوں اور قوانین کی خلاف ورزی کا الزام ہے۔