وزیراعظم بورس جانسن کرونا وائرس میں مبتلا

Boris Johnson

برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن کرونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ وہ پہلے سربراہ حکومت ہیں جو عالمگیر وبا کی زد میں آئے ہیں۔ انھوں نے اپنی قیام گاہ ٹین ڈاؤننگ سٹریٹ ہی میں تنہائی اختیار کرلی ہے اور وہیں سے سرکاری امور انجام دیں گے۔

ان سے پہلے برطانوی ولی عہد شہزادہ چارلس اور ان کے بعد برطانوی وزیر صحت میٹ ہینکوک کا وائرس ٹیسٹ بھی مثبت آیا۔

55 سالہ بورس جانسن نے جمعرات کو دارالعوام میں وزیراعظم کے ہفتہ وار سوال جواب سیشن میں شرکت کی تھی۔ ہلکے بخار اور کھانسی کی شکایت پر ان کا ٹیسٹ کیا اور نصف شب کو نتیجہ ملا کہ وہ کرونا وائرس میں مبتلا ہیں۔

وزیراعظم جانسن نے جمعے کو ٹوئیٹر پر ایک ویڈیو پیغام میں بتایا کہ ان میں کرونا وائرس کی معمولی علامات ظاہر ہوئی ہیں۔ لیکن وہ سرکاری خدمات انجام دیتے رہیں گے، کیونکہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے حکومتی ٹیم کے ساتھ رابطہ رکھنا ممکن ہے جو کرونا وائرس کا مقابلہ کر رہی ہے۔

بورس جانسن کے اعلان کے کچھ دیر بعد وزیر صحت میٹ ہینکوک نے بتایا کہ ان کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے اور وہ تنہائی اختیار کر رہے ہیں۔

کئی مشہور شخصیات کرونا وائرس کا شکار ہو چکی ہیں۔ لیکن، بورس جانسن پہلے سربراہ حکومت ہیں جو اس کی زد میں آئے ہیں۔ مارچ کے آغاز میں کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اپنی اہلیہ کا ٹیسٹ مثبت آںے کے بعد تنہائی میں چلے گئے تھے۔ لیکن وائرس میں مبتلا نہیں ہوئے تھے۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور جرمن چانسلر اینگلا مرکل کے بھی کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے تھے۔ لیکن، ان کے منفی نتائج آئے تھے۔