فلپین: سمندری طوفان اور سیلاب سے 400 سے زائد افراد ہلاک

فلپین: سمندری طوفان اور سیلاب سے 400 سے زائد افراد ہلاک

امدادی کاموں میں فوج بھی حصہ لے رہی ہے۔ ہفتے کے روز ریڈ کراس نے بتایا کہ اب تک 436افراد ہلاک ہوچکے ہیں

فلپین میں امدادی کام جاری ہے، جو ایک طاقتور لیکن سست روی سے چلنے والے طوفان کی زد میں ہے، جس کی لپیٹ میں آکر ممکنہ طور پر کئی دیہات سمندر میں بہہ گئے ہوں گے۔

’واشی‘ نامی سمندری طوفان کا سب سے پہلا شکار ملک کا جنوبی منڈناؤ کا علاقہ تھا، جب تیز بارش اور طوفان نے لوگوں کو آگھیرا۔ طوفان کے نتیجےمیں تیز سیلابی پانی کا سلسلہ شروع ہوا اور مٹی کے تودے گرے۔

فلپین کی ریڈ کراس نے ہفتے کو بتایا کہ اب تک 436افراد ہلاک ہوچکے ہیں، جس کی بنیاد وہ لاشیں ہیں جو مل چکی ہیں اور جنھیں تجہیز و تکفین کے لیے رکھا گیا ہے۔

کاگایان ڈی ارو شہر کے میئر نے ہفتہ کو بتایا کہ صرف ان کے شہر میں سیلاب سے 107 افراد ہلاک ہوئے۔

ایک قریبی شہر میں 12 سے زائد گھنٹوں سے جاری بارش اور کیچڑ زدہ سیلابی پانی سے 79 لاشیں نکالی جاچکی ہیں۔

جمعہ کو رات گئے منڈانو کے علاقے میں آنے والے سمندری طوفان سے تقریباً 150 لوگ لاپتہ ہیں۔

امدادی کاموں میں فوج بھی حصہ لے رہی ہے اور ایک ترجمان کے بقول نکالی جانے والے 97 لاشوں میں اکثریت بچوں کی ہے۔