فلپائن: چرچ کے قریب بم دھماکے ، 21 افراد ہلاک ، درجنوں زخمی

فلپائن کے شہر جولو میں واقع ایک چرچ کے قریب ہونے والے یکے بعد دیگرے دو بم دھماکوں میں کم از کم 21 افراد ہلاک اور 71 زخمی ہو گئے۔

فلپائنی حکام کے مطابق پہلا دھماکہ اتوار کو اس وقت ہوا جب چرچ یا گرجا گھر میں دعائیہ تقریب جاری تھی۔ دھماکے کے فوری بعد جیسے ہی سیکورٹی اہلکار اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں دوسرا دھماکا ہوگیا ۔

حکام کے مطابق یہ دھماکا پارکنگ میں کھڑی ایک کار میں ہوا ۔ دونوں دھماکوں میں مجموعی طور پر 21 افراد ہلاک اور 71 زخمی ہو گئے۔

فوری طور پراِن دھماکوں کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی۔

حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال میں منتقل کر دیا گیا اور اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ۔

فلپائن آرمی کے ترجمان کرنل گیری بیسانا کے مطابق دھماکے میں ہلاک ہونے والوں میں فلپائن کے فوجی اہلکار بھی شامل ہیں۔

فلپائنی شہر جولو ،عسکریت پسند گروہ ابو سیاف کا گڑھ تسلیم کیا جاتا ہے جو بم دھماکوں اور دیگر پر تشدد واقعات میں ملوث رہا ہے جبکہ یہ داعش کے زیر اثر بھی ہے۔

یہی گروہ قزاقی اور اغوا کی بھی متعدد کاروائیوں میں ملوث بتایا جاتا ہے۔