پشاور کے آرمی پبلک اسکول کے 12 طلبا اور دو اساتذہ امریکہ کے دو ہفتے کے مطالعاتی دورے پر واشنگٹن پہنچے ہیں، جہاں وہ امریکی معاشرے اور تعلیمی نظام میں مشترکہ اور منفرد پہلوؤں کا مطالعہ کریں گے۔
یہ طلباء واشنگٹن کے تھنک ٹینک، ’میریڈئین انٹرنیشنل سینٹر‘ کی دعوت پر امریکہ آئے ہیں اور نیویارک کی البنی یونیورسٹی میں نینو ٹیکنالوجی سے متعلق ایک ریسرچ پراجیکٹ میں حصہ لیں گے۔
آرمی پبلک سکول پشاور کی استاد تہمینہ حسن کا کہنا تھا کہ بچے بہت بہادر ہیں۔ ان کے لئے یہ سیکھنے کا بہترین موقعہ ہے۔ البنی یونیوسٹی نانو ٹیکنالوجی کے ایک پراجیکٹ کو سپانسر کر رہی ہے جس میں یہ بچے امریکی سٹوڈنٹس کے ساتھ گروپ میں کام کریں گے۔
’میریڈئین انٹرنیشنل سینٹر‘ کے سربراہ اور اقوام متحدہ میں امریکہ کے سابق مندوب، سٹوارٹ ہالی ڈے کا کہنا تھا کہ یہ بےحد ذہین بچے ہیں۔
بقول اُن کے، ’امریکہ میں ان بچوں کو یہاں کے معاشرے اور ثقافت کو سمجھنے کا موقعہ ملے گا؛ اور ہم انہیں کچھ ایسے ہنر سکھانے کی کوشش کریں گے جن سے یہ پاکستان واپس جاکر فائدہ اٹھا سکیں‘۔