امریکہ کے وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے پاکستان کی جانب سے امریکی فوج کے لیے سرجیکل ماسک اور حفاظتی لباس کی فراہمی کا خیر مقدم کیا ہے۔
مائیک پومپیو نے اسے دونوں ملکوں کے درمیان کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں یکجہتی کی اعلیٰ مثال قرار دیا ہے۔
پاکستان کی جانب سے امریکہ کو بطور تحفہ بھجوائے گئے سامان میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے خصوصی لباس اور سرجیکل ماسک شامل ہیں۔
واشنگٹن میں پاکستان کے سفارت خانے نے بھی حفاظتی سامان پہنچنے پر ایک بیان جاری کیا ہے جس کے مطابق پاکستان نے امریکی فوج کے لیے کرونا وائرس کے بچاؤ کے لباس اور سرجیکل ماسک ارسال کیے ہیں۔
بیان کے مطابق پاکستان کی ایئرفورس کا خصوصی سی ون تھرٹی طیارہ جمعرات کو میری لینڈ کے اینڈریو ایئر فورس بیس پر اترا ہے۔
اس موقع پر پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان سمیت سفارتِ خانے کے دیگر اعلیٰ حکام جب کہ امریکہ کے قائم مقام اسسٹنٹ سیکرٹری برائے دفاع اینڈ انڈو پیسیفک سیکیورٹی افئیرز ڈیوڈ ہیلوے سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے اسے دونوں ممالک کی افواج کے درمیان دیرینہ اور قریبی تعاون کا مظہر قرار دیا ہے۔
انہوں نے پاکستان اور امریکہ کے عوام اور مسلح افواج کے دیرینہ اور تاریخی تعلقات کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔
اسد مجید کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کی افواج نے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ کا مل کر مقابلہ کیا ہے جو اپنے آپ میں ایک مثال ہے۔