پاکستانی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ میں اس بار نیا کیا ہے؟

فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے کھلاڑیوں کے اگلے ایک سال کے لیے نئے کنٹریکٹس کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق مختلف کیٹیگریز میں شامل کرکٹرز کے معاوضوں میں اضافہ شامل ہے۔

پی سی بی نے اس بار سینٹرل کنٹریکٹ کو ریڈ اور وائٹ بال کیٹیگریز میں تقسیم کیا ہے جس میں مجموعی طور پر 33 کھلاڑی شامل ہیں۔ کپتان بابر اعظم سمیت پانچ کھلاڑیوں کو ریڈ اور وائٹ دونوں فارمیٹ کے کنٹریکٹ دیے گئے ہیں۔

پی سی بی نے 10 کھلاڑیوں کو صرف ریڈ بال جب کہ 11 کو صرف وائٹ بال کنٹریٹ دیا ہے۔ اسی طرح ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سات کھلاڑی ایمرجنگ کیٹیگری کا حصہ بنے ہیں۔

تینوں طرز کی کرکٹ کی کیٹیگری میں شامل ہونے والے کھلاڑیوں کی میچ فیس میں 10 فی صد اضافہ کیا گیا ہے جب کہ نان پلیئنگ پلیئرز کی میچ فیس میں 50 سے 70 فی صد تک اضافہ ہو گا۔

نان پلیئنگ پلیئرز وہ کھلاڑی کہلاتے ہیں جو کہ کسی بھی اسکواڈ کا تو حصہ ہوتے ہیں البتہ میچ کھیلنے والے 11 کھلاڑیوں میں ان کا نام شامل نہیں ہوتا۔

SEE ALSO: بابر اعظم نے وراٹ کوہلی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے نیا عالمی ریکارڈ بنا لیا

خصوصی الاؤنس

پی سی بی نے کپتان کے لیے خصوصی الاؤنس بھی متعارف کیا ہے جب کہ وہ کھلاڑی جو ایلیٹ پینل میں شامل ہیں ان کے لیے ورک لوڈ منیجمنٹ کے تحت خصوصی رقم مختص کی گئی ہے۔

پی سی بی کے مطابق اس کا مقصد یہ ہے کہ ایلیٹ پینل کے کھلاڑی مکمل فٹ ہو کر ٹیم کی نمائندگی کے لیے دستیاب ہو سکیں۔

واضح رہے کہ ریڈ بال کرکٹ میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی دونوں طرز کی کرکٹ شامل ہے جب کہ وائٹ بال کیٹیگری ٹیسٹ کرکٹ کو کہا جاتا ہے۔

دونوں کیٹیگری میں شامل ہونے والے کھلاڑی

ریڈ اور وائٹ بال کیٹیگری میں 5 کھلاڑی شامل ہیں۔ کپتان بابر اعظم، وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اور فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی ریڈ بال اور وائٹ بال دونوں طرز کی کرکٹ کے کنٹریکٹ کی اے کیٹیگریز میں شامل ہیں جب کہ حسن علی ریڈ بال میں بی اور وائٹ بال میں سی کیٹیگری کا حصہ ہیں۔

اوپننگ بلے باز امام الحق کو ریڈ بال میں سی اور وائٹ بال میں بی کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم کے مطابق کنٹریکٹ کا حصہ بننے والے کھلاڑیوں کو ان کی گزشتہ ایک سال کی کارکردگی کی بنیاد پر مختلف کیٹیگریز میں رکھا گیا ہے۔

محمد وسیم نے جمعرات کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ کھلاڑیوں کی فٹنس اور فیلڈنگ کا معیار بھی سینٹرل کانٹریکس میں دیکھا گیا ہے۔

واضح رہے کہ بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی آئی سی سی رینکنگ میں نمایاں پوزیشن پر ہیں جب کہ اوپننگ بلے باز امام الحق اور حسن علی کی حالیہ کارکردگی کے بعد انہیں دونوں کیٹیگریز میں شامل کیاہے۔

ریڈ بال کنٹریکٹ

پی سی بی نے ریڈ بال کیٹیگری کو اے، بی، سی اور ڈی کیٹیگری میں تقسیم کیا ہے۔ اظہر علی ریڈ بال کنٹریکٹ کی اے جب کہ فواد عالم بی کیٹیگری میں شامل ہیں۔

عبداللہ شفیق، نسیم شاہ اور نعمان علی کو سی کیٹیگری میں رکھا گیا ہے جب کہ عابد علی، سابق کپتان سرفراز احمد، سعود شکیل، شان مسعود اور یاسر شاہ ڈی کیٹیگری میں شامل ہیں۔

وائٹ بال کنٹریکٹ

پاکستان کے اوپننگ بلے باز فخر زمان اور اسپنر شاداب خان وائٹ بال کنٹریکٹ کی 'اے' کیٹیگری میں شامل ہیں۔ فاسٹ بالر حارث رؤف کو 'بی' اور محمد نواز کو 'سی' کیٹیگری کا حصہ بنایا گیا ہے۔

آصف علی، حیدر علی، خوش دل شاہ، محمد وسیم جونیئر، شاہنواز دھانی، زاہد محمود اور عثمان قادر کیٹیگری 'ڈی' میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

پی سی بی نے ایمرجنگ کیٹیگری میں علی عثمان، حسیب اللہ، کامران غلام، محمد حارث، محمد حریرہ، قاسم اکرم اور سلمان علی کو شامل کیا ہے۔