رسائی کے لنکس

ہوشیار! کیا کوئی آپ کی خفیہ ریکارڈنگ کر رہا ہے؟


جنوبی کوریا میں مرد پیراکوں کی طرف سے خواتین سوئمرز کی خفیہ کیمروں سے وڈیو بنانے کے اسکینڈل کے بعد پولیس آفیسر ز تحقیقات کر رہے ہیں (اے پی فائل)
جنوبی کوریا میں مرد پیراکوں کی طرف سے خواتین سوئمرز کی خفیہ کیمروں سے وڈیو بنانے کے اسکینڈل کے بعد پولیس آفیسر ز تحقیقات کر رہے ہیں (اے پی فائل)

تحریکِ انصاف کے رہنما شہباز گل نے حال ہی میں میڈیا نمائندوں کے سامنے ایک نوجوان کو پیش کیا جس کا چہرہ تولیے سے ڈھکا ہوا تھا۔ شہباز گل نے دعویٰ کیا کہ یہ شخص گزشتہ چھ برس سے عمران خان کا ملازم ہے اور اس نے ایک جدید قسم کا آلہ سابق وزیرِ اعظم کے گھر میں نصب کر رکھا تھا۔ ان کے بقول یو ایس بی کی شکل کے آلے میں حساس مائیک لگا ہوا تھا اور یہ ڈیوائس کمرے میں ہونے والی گفتگو کو ریکارڈ کرنے کی صلاحیت رکھتی تھی۔

خیال کیا جاتا ہے کہ اس طرح کی جاسوسی کا زیادہ تر نشانہ سماجی کارکن، صحافی اور سیاستدان بنتے ہیں۔ ایک حالیہ مثال پیگاسس اسپائی ویئر کی ہے جس کے ذریعے مختلف ممالک میں سیاستدانوں اور صحافیوں کی جاسوسی کیے جانے کا انکشاف ہوا۔

یہی نہیں، حالیہ برسوں میں ائر بی اینڈ بی کے رہائشی یونٹس اور مختلف ممالک میں شاپنگ مالز کے حوالے سے ایسے دعوے سامنے آچکے ہیں کہ لوگوں کو باتھ روم میں یا ٹرائی روم میں خفیہ کیمرہ نصب ہونے کا شک ہوا۔

ان دعووں کو مدنظر رکھتے ہوئے اور نگرانی کے بڑھتے ہوئے معاملات اور خطرات کے پیشِ نظر وائس آف امریکہ نے ریاست ورجینیا میں سائبر سیکیورٹی اینڈ انفراسٹرکچر سیکیورٹی کنسلٹنٹ فواد الرحمان سے رابطہ کیا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ کیسے اس بات کا پتہ لگا یا جا سکتا ہے کہ آیا ہمارے کمرے میں کوئی ایسا آلہ موجود ہے جو ہماری سرگرمیوں کو ریکارڈ کر رہا ہے؟۔

جاسوسی کے آلات نصب کرنا آسان ہے

فواد الرحمان کہتے ہیں کہ جاسوسی کے آلات مختلف شکلوں اور سائز میں آتے ہیں اور روز مرہ استعمال کی اشیا جیسے دکھائی دیتے ہیں مثلا بجلی کی سوئچ پلیٹ ، وال ساکٹ، سموک ڈیٹیکٹر، یہاں تک کہ گھڑیاں،لیمپ ٹشو پیپر باکس بھی۔ وہ مشورہ دیتے ہیں کہ جب بھی آپ ہوٹل یا کسی گھر میں کرائے پر کمرہ لیں تو اس میں رکھی چیزوں کا بغور جائزہ لیں کیونکہ چھوٹے سائیز کے خفیہ کیمرے کسی بھی فرنیچر، روشن دان یا سجاوٹ کے سامان کے اندر یا پیچھے آسانی سے چھپائے جا سکتے ہیں ۔

خفیہ کیمرے کا سراغ کیسے لگائیں؟

فواد کے مطابق چھوٹے کیمروں کو تلاش کرنے کا ایک آسان طریقہ لینز کی ریفلکشن کو تلاش کرنا ہوتا ہے۔اس کے لیےکمرے کی روشنیوں کو بند کریں اور کیمرے کے لینز کی تلاش کے لیے ٹارچ یا لیزر پوائنٹر سے کمرے کو آہستہ آہستہ اسکین کریں۔مختلف زاویوں سے کمرے کو اسکین کریں تاکہ آپ کیمرہ لینز کی ریفلکشن یعنی اس سے منعکس ہونے والے روشنی کا سراغ لگا سکیں۔

ایئر وینٹ اور دیواروں یا چھتوں میں کسی بھی قسم کے سوراخ یا خلا کا ضرور معائنہ کریں۔

خفیہ آلات پکڑنے والی ایپس

گھر یا دفتر میں جاسوسی آلات تلاش کرنے کا دوسرا طریقہ وائی فائی سنفنگ ایپس ہیں۔فواد الرحمان بتاتے ہیں کہ وائی فائی سنفنگ ایپس بآسانی گوگل اور ایپل اسٹور پر دستیاب ہیں .یہ ایپس ریکارڈنگ ڈیوائسز تلاش کرنے میں آپ کی مدد کر سکتی ہیں۔ ان میں سے بہت سی ایپس، جیسے فنگ (FING) کے ذریعے،صرف ایک کلک سے جاسوس کیمروں سمیت دیگر آلات تلاش کرنے کے لیے نیٹ ورک کو اسکین کرنا انتہائی آسان ہے۔
وائرس لیس ڈیوائسز کا پتہ کیسے لگائیں؟

خفیہ وائرلیس ڈیوائسز کو تلاش کرنے کا ایک اور طریقہ ریڈیو فریکوئنسی ڈیٹیکٹرز ہیں۔ وائرلیس ڈیوائسز ریڈیو فریکوئنسی کے ذریعے کام کرتی ہیں، اس لیے ریڈیو فریکوئنسی ڈیٹیکٹر آسانی سے چھپے ہوئے کیمرہ ڈیوائسز کو تلاش کر سکتے ہیں۔فواد الرحمان کہتے ہیں کہ یہ ہینڈ ہیلڈ ڈیوائسز خفیہ کیمرے یا آڈیو ڈیوائسز کو تلاش کرنے کا ایک فول پروف طریقہ ہیں۔ میٹل ڈیٹیکٹرز کی طرح، ریڈیو فریکوئنسی ڈٹیکٹر بھی بیپ بجا کر آپ کو سگنلز موجود ہونے کا اشارہ دیتا ہے۔ جیسے جیسے آپ اپنے ہدف کے قریب پہنچتے ہیں، ریڈیو فریکوئنسی ڈیٹیکٹر تیزی سے اور زور سے سے بیپ کرتے ہیں۔

خفیہ آلات کام کیسے کرتے رہتے ہیں؟

فواد الرحمان کہتے ہیں کہ جاسوسی کے تمام آلات کو بجلی کی ضرورت ہوتی ہے، اور بیٹریاں زیادہ دیر تک نہیں چلتی ہیں۔ یہ بہت ممکن ہے کہ کوئی بھی پوشیدہ آلات خواہ وہ کیمرے ہوں یا آواز سننے اور ریکارڈ کرنے والے آلات، ایک مستحکم اور قابل اعتماد پاور سورس استعمال کر رہے ہوں، اس لیے اپنے گھر میں تمام دکھائی دینے والی تاروں اور یو اس بی کی تاروں کا سراغ لگائیں۔ اس کے بعد، اپنے راؤٹر کو چیک کریں اور ان سے کنیکٹ ہونے والے تمام آلات کی جانچ پڑتال کریں۔

ان معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ کسی پر نظر کھنے کے لیے خفیہ آلات نصب کرنا زیادہ مشکل نہیں۔ مگر پھر ان کا پتہ لگانا بھی ناممکن نہیں۔ کیاآپ کو اپنے ہی گھر یا دفتر میں چوکس رہنے کی ضرورت ہے؟ اس کا جواب ایک اور سوال میں پوشیدہ ہے، اور وہ یہ کہ کیا آپ کی سرگرمیاں ایسی ہیں کہ کوئی آپ پر نظر رکھنا چاہے؟

XS
SM
MD
LG