’کامی سڈ‘ کا اصل نام ’کامران صدیقی‘ ہے اور وہ خواجہ سرا ہیں۔۔۔ لیکن دوسرے خواجہ سراؤں سے بالکل مختلف۔
انہیں کسی کے آگے ہاتھ پھیلانا اچھا نہیں لگتا اسی لیے انہوں نے اپنے لیے ایک الگ راہ چنی۔
وہ فیشن انڈسٹری سے وابستہ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک کامیاب ماڈل بھی ہیں۔۔ اور اب تو وہ ٹی وی ایکٹریس کے روپ میں بھی آپ کو جلد منی اسکرین پر نظر آئیں گی۔
ان کی پہلی ڈرامہ سیریل ’دلِ ناداں‘ نجی ٹی وی سے پیش ہونے والی ہے۔
’کامی‘کی ایک اور اچھی بات یہ ہے کہ وہ خود اپنے جیسے دیگر لوگوں سے مختلف سوچتی اور کرتی ہیں۔ ان کی شخصیت کا ایک مثبت پہلو یہ بھی ہے کہ وہ اپنی کمیونٹی کے حقوق کے لیے بھی سرگرم ہیں۔
اپنی پہلی ڈرامہ سیریل کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کامی نے بتایا،
’’دلِ ناداں خواجہ سراؤں کی حقیقی زندگی سے جڑے مسائل پر بنائی گئی ہے جس میں پہلی مرتبہ خواجہ سرا کا کردار ایک خواجہ سرا یعنی میں ادا کررہی ہوں۔ اس سے قبل خواجہ سرا کا کردار مرد ادا کرتے چلے آئے ہیں۔‘‘
انہوں نے مزید بتایا دلِ ناداں ایسے خواجہ سرا کی کہانی ہے جسے اس کے اپنے گھر والے قبول نہیں کرتے اور دل برداشتہ ہوکر وہ گھر چھوڑ دیتا ہے۔
باہر کی دنیا میں اس کی ملاقات گل خان نامی ایک شخص سے ہوتی ہے جو اسے گزر بسرکے لیے ایک بیوٹی پارلر میں کام دلانے میں مدد کرتا ہے۔
بقول کامی کہانی میں غیر متوقع موڑ اس وقت آتا ہے جب ایک دن خواجہ سرا کے والدین اس کی گھر واپسی کے لیے اشتہار دیتے ہیں۔
’دلِ ناداں‘ کے مصنف سجادحیدر زیدی اور ڈائریکٹر نوید جعفری ہیں۔
کامی سڈ کے علاوہ ڈرامے کی کاسٹ میں عابد علی، سید مختار احمد قریشی، مریم مرزا، آس زمان وغیرہ شامل ہیں۔
’ دلِ ناداں‘ نومبر میں ٹیلی کاسٹ ہوگا۔