ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: پاکستان کی ویسٹ انڈیز کے خلاف فتح

پاکستانی ٹیم کی قیادت بسمہ معروف کر رہی ہیں۔

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اپنے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

بدھ کو آسٹریلیا کے شہر کینبرا میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان کی افتتاحی بلے بازوں کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے 125 رنز کا ہدف محض دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

پاکستان کی جانب سے جویریہ خان نے 35 اور منیبہ علی نے 25 رنز بنائے۔ کپتان بسمہ معروف 39 اور ندا ڈار 18 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔

ویسٹ انڈین ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو اُن کے لیے بہتر ثابت نہ ہو سکا۔ پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں صرف 124 رنز بنا سکی۔

پاکستان کی جانب سے ڈیانا بیگ نے چار اووز میں صرف 18 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ایمن انور نے 32 رنز کے عوض دو جب کہ ندا ڈار نے بھی 30 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے اسٹیفنی ٹیلر اور شیمنی کیمبل نے 43، 43 رنز بنائے۔

خواتین ورلڈ کپ میں 10 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ جنہیں دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پاکستان گروپ 'بی' میں شامل ہے جس میں اس کے علاوہ ویسٹ انڈیز، انگلینڈ، ساؤتھ افریقہ اور تھائی لینڈ کی ٹیمیں ہیں۔

گروپ 'اے' میں بھارت، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، سری لنکا اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں شامل ہیں۔