کراچی ....پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دبئی میں کھیلنے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے پہلے اننگز کے اسکور 579 رنز کے جواب میں 6 وکٹوں کے نقصان پر315 رنز بنالئے ہیں جبکہ اسکور برابر کرنے کے لئے اسے مزید 264 رنز کی ضرورت ہے جبکہ فولوآن کا خطرہ بھی ابھی تک برقرار ہے۔
ہفتے کو جس وقت تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو 10رنز کے ساتھ ہولڈرکریز پر موجود تھے جبکہ ان کا ساتھ دینے کے لئے دوسرے اینڈ پرڈاؤرچ موجود ہیں جو اب تک 27رنز ہی بناسکے ہیں۔
ویسٹ انڈیز نے تیسرے دن کے کھیل کا آغاز ایک کھلاڑی کے نقصان پر 69 رنز سے کیا ۔ آج کے مجموعی اسکور میں براتھ ویٹ نے 32، جانسن 15، سیموئل 76، بلیک ووڈ 37، چیز نے 6رنز کا اضافہ کیا اور پویلین کی راہ لی ۔سب سے کامیاب بیٹسمین براوو رہے جنہوں نے 87 رنز بنائے ۔ انہیں نواز کی گیند پر اظہر علی نے کیچ کیا۔
جو دو کھلاڑی تاحال کریز پر موجود ہیں ان میں ہولڈر 10 رنز پر اور ڈاؤرچ27 رنز پر کھیل رہے ہیں ۔ کل کے کھیلے کا آغاز انہی دونوں کھلاڑیوں کے ہاتھوں ہوگا۔
اتوار کو میچ کا چوتھا روز ہوگا ۔تین دن کے کھیل میں یہ بات واضح ہے کہ دبئی کی پچ ،بیٹنگ کرنے والی ٹیم کا ساتھ دے رہی ہے اور دونوں طرف کے بالرز کو ہنر دکھانے کا کم کم اور بہت دیر دیر میں موقع مل رہا ہے۔
اگر پاکستان اتوار کوفرسٹ ہاف میں ہی ویسٹ انڈیز کے باقی بچے ہوئے کھلاڑیوں کو واپس پویلین کی راہ دکھانے میں کامیاب ہوجاتا ہے تو میچ کے نتیجہ خیز ہونے کے امکانات روشن ہوجائیں گے ورنہ دو دن سے بھی کم وقت میں دو اننگزمکمل ہونا مشکل امرہوگا اور ایسی صورت میں یہ ٹیسٹ بغیر کسی ہار جیت کے ہی ختم ہوجائے گا۔
گویا یہ ٹیسٹ میچ جتوانے کے لئے بالرز کو مزید محنت کرنا پڑے گی ۔
پاکستان نے چھ بالرز کو میدان میں اتارا ہوا ہے ۔ یعنی محمد عامر، سہیل خان، یاسر شاہ ، وہاب ریاض، محمد نواز اور اظہر علی،۔ ان میں سے وہاب ریاض اور یاسر شاہ نے دو ، دو اور سہیل خان اور محمد نواز نے ، ایک ،ایک وکٹ حاصل کی ہے۔