شعیب ملک کی تیز ترین ففٹی، پاکستان کی اسکاٹ لینڈ کے خلاف 72 رنز سے کامیابی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سپر 12 مرحلے کے میچ میں پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو 72 رنز سے شکست دے کر مسلسل پانچویں کامیابی حاصل کر لی ہے۔ پاکستان کی جانب سے شعیب ملک نے محض 18 گیندوں پر 54 رنز بنا کر پاکستان کی جانب سے تیز ترین ففٹی بنانے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، لیکن پاکستانی اوپنرز نے محتاط آغاز کیا۔

اننگز کے آخری اوورز میں کپتان بابر اعظم اور شعیب ملک نے پاکستان کے اسکور کو تیزی سے آگے بڑھایا۔

شعیب ملک نے اپنی شان دار اننگز میں چھ چھکے اور ایک چوکا لگایا۔ اُنہیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ گیا گیا۔

پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم نے بھی شان دار ففٹی اسکور کی، اُنہوں نے 47 گیندوں پر 66 رنز بنائے۔

محمد رضوان نے 19 گیندوں پر 15، فخر زمان نے 13 گیندوں پر آٹھ جب کہ محمد حفیظ 19 گیندوں پر 31 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

ہدف کے تعاقب میں اسکاٹ لینڈ کی ٹیم مشکلات سے دوچار رہی اور مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 117 رنز بنا سکی۔

خیال رہے کہ پاکستان اس ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست رہنے والی واحد ٹیم ہے۔ اس سے قبل پاکستانی ٹیم بھارت، نیوزی لینڈ، افغانستان اور نمیبیا کی ٹیموں کو بھی شکست دے چکی ہے۔

گروپ ٹو سے پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالی فائی کر چکی ہیں جب کہ گروپ ون سے انگلینڈ اور آسٹریلیا سیمی فائنل کھیلیں گی۔

سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ آسٹریلیا جب کہ نیوزی لینڈ کا مقابلہ انگلینڈ سے ہو گا۔