انڈر 19 ورلڈ کپ: بھارت نے سیمی فائنل میں پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی

(فائل فوٹو)

ساؤتھ افریقہ میں جاری انڈر 19 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھارت نے یکطرفہ مقابلے کے بعد پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

پاکستان کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 43.1 اوورز میں 172 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ہے۔

جواب میں بھارت کے اوپنرز نے نہایت محتاط انداز میں بیٹنگ کی۔ اور صرف 35.2 اوورز میں مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔ بھارتی اوپنر یاشاسوسی جیسوال نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے ناقابل شکست 105 رنز بنائے۔

منگل کو میچ کے آغاز میں پاکستان انڈر 19 کے کپتان روحیل نذیر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ لیکن دونوں روایتی حریفوں کی کرکٹ کے میدانوں میں ہونے والی جنگ کے مقابلے میں پاکستانی ٹیم نسبتاً کم اسکور کر سکی۔

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز حیدر علی نے کیا اور 56 رنز اسکور کیے جب کہ 62 رنز بنا کر سہیل نذیر ٹاپ اسکورر رہے۔ محمد حارث 21 رنز بنا کر اننگز میں نمایاں رہنے والے تیسرے کھلاڑی تھے۔

باقی کھلاڑی خاطر خواہ اسکور نہ کرسکے۔ محمد ہریرا نے چار، قاسم اکرم نے نو، عرفان خان نے تین، عباس آفریدی اور طاہر حسین نے دو، دو اور عامر علی نے صرف ایک رن بنایا جب کہ فرہاد منیر صفر پر آؤٹ ہوئے۔ محمد عامر خان کوئی بھی رنز بنائے بغیر ناٹ آؤٹ رہے۔

بھارتی بالرز میں سشانت مشرا نے تین، کارتک تیاگی اور روی بشنوئے نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ اتھاروا انکولیکر اور یاشاسوسی جیسوال نے ایک، ایک وکٹ لی۔

انڈر 19 ورلڈ کپ مقابلوں میں اب تک بھارت اور پاکستان کے درمیان ہونے والے میچز میں پاکستان نے پانچ میچز اور بھارت نے چار میں کامیابی حاصل کی ہے۔