|
ویب ڈیسک -- پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئندہ ماہ شیڈول چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کے 15 رُکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔
پندرہ کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ میں چار تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ انجری کا شکار صائم ایوب کو اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیاہے۔
عبداللہ شفیق، محمد عرفان خان، صائم ایوب اور سفیان مقیم کی جگہ فہیم اشرف، فخر زمان ، خوشدل شاہ اور سعود شکیل کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
سابق کپتان بابر اعظم، فخر زمان، کامران غلام، سعود شکیل اور طیب طاہر بلے باز کے طور پر ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
آل راؤنڈرز میں فہیم اشرف، خوشدل شاہ، سلمان علی آغا جب کہ محمد رضوان اور عثمان خان بطور وکٹ کیپر اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔
اگر فاسٹ بالرز کی بات کی جائے تو شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کے ساتھ ساتھ حارث رؤف اور محمد حسنین بھی پاکستان کی پیس بیٹری میں شامل ہوں گے۔ 15 رکنی اسکواڈ میں ابرار احمد کو بطور اسپنر بھی شامل کیا گیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق چیمپئنز ٹرافی 2017 کے ہیرو فخر زمان انجری اور بیماری کے بعد ٹیم میں واپس آئے ہیں۔ وہ جون 2024 سے انٹرنیشنل کرکٹ سے دُور تھے۔
پی سی بی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آل راؤنڈر فہیم اشرف اور خوشدل شاہ کی 50 اوورز کے اسکواڈ میں واپسی سے کپتان محمد رضوان کو اضافی آپشنز فراہم کیے گئے ہیں ۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فہیم اشرف نے اپنا 34 واں اورآخری ون ڈے انٹرنیشنل ستمبر2023 میں کھیلا تھا اس کے بعد سے وہ ڈومیسٹک کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں چند مستقل مزاج پرفارمرز میں شامل رہے ہیں۔
خوشدل نے آخری بار اگست 2022 میں ون ڈے میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی اور چیمپئنز ون ڈے کپ میں 176 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ میں 132 رنز بنانے کے علاوہ نو وکٹیں حاصل کی تھیں۔
پاکستان اسکواڈ میں 2017 چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل جیتنے والی ٹیم کے تین کھلاڑی بابر اعظم، فہیم اشرف اور فخر زمان شامل ہیں۔
پاکستان کی ٹیم آئندہ ماہ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے ساتھ سہ فریقی سیریز بھی کھیلے گی جس کے لیے آٹھ فروری کو وہ لاہور میں نیوزی لینڈ جب کہ 12 فروری کو کراچی میں جنوبی افریقہ کے خلاف میدان میں اُترے گی۔
سیریز کے بعد 19 فروری سے پاکستان کی میزبانی میں چیمپئنز ٹرافی کا آغاز ہو جائے گا جو نو مارچ تک جاری رہے گی۔
پاکستان پول اے میں شامل ہے جس میں پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں شامل ہیں۔
چیمپئنز ٹرافی کا پہلا میچ 19 فروری کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان کی ٹیم اپنا دوسرا میچ 23 فروری کو بھارت کے خلاف دبئی میں کھیلے گی۔ پاکستان اپنے گروپ کا تیسرا اور آخری میچ 27 فروری کو راولپنڈی میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارت اپنے میچز دبئی میں کھیلے گا جب کہ ایک سیمی فائنل بھی دبئی میں شیڈول ہے۔ بھارت کے فائنل میں پہنچنے کی صورت میں ایونٹ کا فائنل بھی دبئی میں کھیلا جائے گا۔