پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے ہفتہ کو پٹرولیم مصنوعات میں قابل ذکر کمی کا اعلان کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اس کے فوائد کسی ایک طبقے کی بجائے عام آدمی کو حاصل ہوں گے۔
وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان حویلیاں میں ہزارہ موٹروے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے بعد ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
پاکستان میں ماہانہ بنیادوں پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کیا جاتا ہے۔
یکم دسمبر سے پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 9 روپے 66 پیسے، ڈیزل کی قیمت میں سات روپے 92 پیسے ہائی اوکٹین 10 روپے 18 پیسے اور مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت میں چار روپے 34 پیسے کمی کی گئی ہے۔
وزیراعظم نواز شریف نے تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچانے کے لیے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کے لیے اقدامات کرنے کا کہا ہے۔
’’مجھے یقین ہے کہ اس سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی آئے گی اور پھر اس کے ساتھ ساتھ کھانے پینے کی اشیاء میں بہت کمی آنی چاہیئے مہنگائی کی کمر ٹوٹ جانی چاہیئے’’
پاکستان میں حالیہ برسوں میں پٹرولیم مصنوعات اپنی کم ترین قیمت پر پہنچی ہیں۔ عالمی منڈی میں بھی تیل کی قیمتوں میں قابل ذکر حد تک کمی دیکھی گئی ہے۔