|
ویب ڈیسک — پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورۂ جنوبی افریقہ کے لیے تینوں فارمیٹس کے لیے اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 10 دسمبر سے سات جنوری تک تین ون ڈے، تین ٹی ٹوئنٹی اور دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائیں گی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے مطابق ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں محمد رضوان جب کہ ٹیسٹ سیریز میں شان مسعود ٹیم کی قیادت کریں گے۔
فاسٹ بالر محمد عباس کی تین سال بعد واپسی ہوئی ہے جب کہ شاہین شاہ آفریدی کو ورک لوڈ کی وجہ سے ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔
بابر اعظم ، محمد رضوان، صائم ایوب اور سلمان علی آغا تینوں فارمیٹس میں اسکواڈ کا حصہ ہیں جب کہ فاسٹ بالر نسیم شاہ کو ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
انگلینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز میں 19 وکٹیں لینے والے ساجد خان کو اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا جب کہ نعمان علی 15 رکنی ٹیم کا حصہ ہیں۔
پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق جنوبی افریقہ کی کنڈیشنز اور مخالف ٹیم کی صلاحیتوں کو مدِ نظر رکھتے ہوئے سلیکٹرز نے نعمان علی اور ساجد خان میں سے ایک اسپیشلسٹ اسپنر کا انتخاب کیا ہے۔ نعمان نے انگلینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز میں 20 وکٹیں حاصل کی تھیں اور وہ اپنے ٹیسٹ کریئر کے 17 میچز میں 67 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔
زمبابوے کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی میچز میں آٹھ وکٹیں لینے والے اسپنر سفیان مقیم کو ون ڈے اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
پاکستان کا ٹیسٹ اسکواڈ کپتان شان مسعود، نائب کپتان سعود شکیل، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، بابر اعظم، محمد رضوان، کامران غلام، سلمان علی آغا، عامر جمال، خرم شہزاد، میر حمزہ اور محمد عباس پر مشتمل ہے۔
SEE ALSO: چیمپئنز ٹرافی: 'بھارت اور پاکستان کو سیاسی سطح پر روابط بڑھانا ہوں گے'محمد رضوان کی قیادت میں 15 رکنی ون ڈے اسکواڈ میں عبداللہ شفیق، صائم ایوب، بابر اعظم، کامران غلام، طیب طاہر، عثمان خان، سلمان علی آغا، ابرار احمد، سفیان مقیم، محمد حسنین، محمد عرفان خان، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔
اسی طرح ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں صائم ایوب، محمد رضوان، بابر اعظم، جہانداد خان، طیب طاہر، عثمان خان، محمد عباس آفریدی، محمد حسنین، محمد عرفان خان، عمیر بن یوسف، سلمان علی آغا، ابرار احمد، سفیان مقیم اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 10، 13 اور 14 جنوری 2025 کو ٹی ٹوئنٹی میچز بالترتیب ڈربن، سنچورین اور جوہانسبرگ میں کھیلے جائیں گے۔
دونوں ٹیمیں 17 دسمبر کو پارل میں پہلے ایک روزہ میچ میں مدِ مقابل ہوں گی جب کہ دوسرا ون ڈے 19 دسمبر کو کیپ ٹاؤن اور تیسرا 22 دسمبر کو جوہانسبرگ میں ہو گا۔
دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ سنچورین میں 26 دسمبر سے شروع ہو گا جب کہ دوسرا میچ 3 جنوری سے کیپ ٹاؤن میں شروع ہو گا۔