یوم یکجہتی کشمیر قومی سطح پر منایا جائے گا، فردوس عاشق اعوان

پاکستان کی مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان، کشمیر کی صورت حال پر اسلام آباد میں بین الاقوامی میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہی ہیں۔ 31 جنوری 2020

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی اطلاعات کے لیے معاون خصوصی فردوس عاش اعوان نے کہا ہے کہ پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر قومی سطح پر منایا جائے گا۔

اسلام آباد میں بین الاقوامی میڈیا سے کشمیر کی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یوم یکجہتی کشمیر حکومت عوام کے ساتھ مل کر منائے گی اور بھارت کے زیر کنٹرول کشمیر میں کشمیریوں پر عائد غیر انسانی پابندیوں اور کرفیو جیسی صورت حال پر دنیا کی توجہ مبذول کرانے کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا حل تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیج ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کی مشیر اطلاعات نے بین الاقوامی میڈیا پر زور دیا کہ وہ بھارتی کنٹرول کے کشمیر میں بڑے پیمانے پر ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے جن میں پچھلے سال اگست میں بھارتی حکومت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد نمایاں طور پر اضافہ ہو گیا ہے۔

ان نے بتایا کہ پاکستان کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کے لیے ان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

دوسری جانب بھارت کا یہ موقف ہے کہ جموں و کشمیر اس کا اٹوٹ انگ ہے، جس کے کچھ حصے پر پاکستان قابض ہے۔ بھارتی سیاسی اور فوجی قیادت گاہے گاہے کشمیر پر سے پاکستان کا قبضہ چھڑانے کے بیانات دیتی رہتی ہے جس پر دونوں ہمسایہ ملکوں کے درمیان سیاسی کشیدگی اور لائن آف کنٹرول پر تناؤ میں اضافہ ہو جاتا ہے۔

بھارت کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے اور اسے مرکز کے زیر انتظام دو حصوں میں تقسیم کرنے کے اقدام کو اپنے آئین کے مطابق قرار دیتا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ خصوصی حیثیت کے خاتمے سے کشمیر میں عسکریت پسندی کے خاتمے اور ترقی کی رفتار تیز کرنے میں مدد ملے گی۔

بھارت کا دعوی ہے کہ کشمیر میں حالات معمول پر آ رہے ہیں اور زیادہ تر حصوں میں سیکیورٹی کی پابندیاں نرم اور انٹرنیٹ سروسز بحال کر دی گئی ہیں۔