ملتان ٹیسٹ میں انگلینڈ کی پوزیشن مضبوط، ابرار پھر تین وکٹیں لے اُڑے

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ملتان میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنا لیے ہیں۔ انگلینڈ کو پاکستان پر 281 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

دوسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ کے ہیری بروک 74 اور بین اسٹوکس 16 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔

پاکستانی لیگ اسپنر ابرار احمد نے دوسری اننگز میں بھی تین انگلش کھلاڑیوں کو پویلین بھیج کر میچ میں اب تک 10 وکٹیں حاصل کر لی ہیں۔پہلی اننگز میں ابرار نے سات وکٹیں حاصل کی تھیں۔

میچ میں دس وکٹیں لینے کے ساتھ ہی ابرار احمد دوسرے پاکستانی بالر بن گئے ہیں جنہوں نے اپنے ڈیبیو پر یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔

ابرار احمد نے دوسری اننگز میں جو روٹ، بین ڈکٹ اور ول جیکس کو آؤٹ کیا، تاہم اس کے باوجود انگلینڈ کی ٹیم نے پاکستان کے خلاف اپنی برتری کو مستحکم کر لیا ہے۔

دوسرے روز کھیل کا آغاز ہوا تو پاکستان نے دو وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز سے بیٹنگ کا آغاز کیا تو 142 کے مجموعی اسکور پر بابر اعظم ہمت ہار گئے۔ وہ 75 رنز بنا کر اولی رابنسن کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

بابر کے جانے کے بعد پاکستان کی وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ پاکستان کا اسکور جب 158 ہوا تو سعود شکیل بھی پویلین لوٹ گئے۔ وہ لیچ کی گیند پر اینڈرسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

کچھ ہی دیر بعد محمد رضوان کو بھی لیچ نے بولڈ کر دیا اور پھر محمد نواز کی وکٹ بھی انہوں نے ہی حاصل کر کے پاکستان کو مشکل میں ڈال دیا۔ ایسے میں فہیم اشرف نے بیٹنگ کو کچھ سہارا دینے کی کوشش کی، لیکن پوری ٹیم 202 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔ یوں انگلینڈ کو پہلی اننگز میں پاکستان کے خلاف 79 رنز کی برتری حاصل ہو گئی تھی۔

انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے چار، مارک ووڈ اور جو روٹ نے دو، دو جب کہ جیمی اینڈرسن اور اولی رابنسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں انگلینڈ کو ایک، صفر سے برتری حاصل ہے۔ راولپنڈی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے دی تھی۔ سیریز کا تیسرا میچ کراچی میں کھیلا جائے گا۔