پاکستان آئی اے ای اے بورڈ کا آئندہ سربراہ منتخب

جوہری توانائی سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارے نے پاکستان کو 12-2011 ء میں آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز کی صدارت کے لیے منتخب کیا ہے۔

پاکستانی دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ پیر کے روز اتفاق رائے سے کیا گیا۔

آئندہ برس پاکستان کے جوہری توانائی کمیشن کے سربراہ انصار پرویز آئی اے ای اے بورڈ کے چیئرمین کا عہدہ سنبھالیں گے۔ اس وقت ملیشیا کے محمد شاہرالاکرام یعقوب اس ادارے کے سربراہ کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کا آئی اے ای اے کے پینتیس رکنی بورڈ کے سربراہ کے طور پر انتخاب پاکستان کی جوہری توانائی کے شعبے میں مثبت اقدامات کا اور ادارے میں اس کے متحرک کردار کا اعتراف ہے۔

پاکستان کی صدارت میں یہ بورڈ جن اہم معاملات پر فیصلہ کرے گا ان میں 17-2012 ء کے لیے حکمت عملی کی تیاری بھی شامل ہے۔

پاکستان 63-1962 ء اور 87-1986ء میں بھی آئی اے ای اے بورڈ کی سربراہی کر چکا ہے۔

اطلاعات کے مطابق بعض مغربی ممالک سے تعلق رکھنے والے حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کے انتخاب کو ”مثالی“ فیصلہ قرارنہیں دیا جا سکتا کیونکہ بھارت، شمالی کوریا اور اسرائیل کی طرح پاکستان نے بھی جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ سے متعلق معاہدے (این پی ٹی) پر دستخط نہیں کیے ہیں۔