صدر زرداری کا سیلاب سے متاثرہ خیبر پختونخواہ کا دورہ

صدر زرداری نے دو رواں ہفتے سندھ میں سیلابی علاقوں کا دورہ بھی کیا

پاکستانی صدر آصف علی زرداری نے ہفتے کے روز سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے صوبہ خیبر پختون خواہ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین کو یقین دلایا کہ حکومت تمام ترقیاتی کام روک کر بے گھر ہونے والے افراد کے لیے گھر تعمیر کرے گی۔

صدر زرداری نے نوشہرہ میں فوج کے زیر انتظام ایک کیمپ میں متاثرین سے مختصر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ سیلاب حکومت اور عوام کے لیے آزمائش ہے۔ انھوں نے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انھیں ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا۔

نوشہرہ پہنچنے پر صدر زرداری کو صوبائی گورنر اویس غنی اور وزیراعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی نے سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں سے آگاہ کیا۔

صدر زرداری اس سے قبل سندھ کے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کرچکے ہیں۔