شمالی وزیرستان میں میزائل حملہ، چھ ہلاک

شمالی وزیرستان میں میزائل حملہ، چھ ہلاک

پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں مبینہ امریکی میزائل حملے میں کم از کم چھ مشتبہ جنگجو ہلاک ہو گئے۔

افغان سرحد سے ملحقہ شمالی وزیرستان کی تحصیل غلام خان میں جمعرات کوبغیر پائلٹ کے جاسوس طیاروں سے داغے گئے میزائلوں کا ہدف شدت پسندوں کا ایک مشتبہ مرکز تھا۔ اطلاعات کے مطابق چھ میزائل لگنے سے مرکز کے بیشتر حصے تباہ ہوگئے ۔

میزائل حملے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت نہیں ہوسکی ہے تاہم مرنے والوں میں غیر ملکی جنگجو بھی بتائے جاتے ہیں۔

شمالی وزیرستان میں رواں ماہ کے دوران اب تک نو ایسے میزائل حملے ہوچکے ہیں جن میں غیر ملکیو ں سمیت چالیس سے زائد مبینہ شدت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ شمالی وزیر ستان میں موجود عسکریت پسند سرحد پار افغانستان میں غیر ملکی فوجیوں پر مہلک حملوں میں ملوث ہیں ۔

دریں اثناء قبائلی علاقے اورکزئی ایجنسی میں شدت پسندوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپ میں ایک اہلکار ہلاک جب کہ چھ جنگجوبھی مارے گئے۔

اُدھر صوبائی دارالحکومت پشاور کے قریب متنی کے علاقے میں امن لشکر میں شامل ایک رضاکار کے گھرپر راکٹ حملہ کیا گیا جس میں دو خواتین اور ایک بچہ ہلاک جب کہ دو دیگر افراد زخمی ہو گئے۔