پاکستان کرکٹ بورڈ نے سرفراز احمد کو ’ون ڈے‘ یعنی ایک روزہ میچوں کے لیے قومی ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے۔
سرفراز احمد وکٹ کیپر ہیں اور وہ اس سے قبل ’ٹی 20‘ میچوں کے لیے پاکستانی ٹیم کے کپتان تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کے مطابق اظہر علی نے ’ون ڈے‘ ٹیم کی قیادت چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد سرفراز احمد کو اب یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
پاکستانی بلے باز اظہر علی کا کہنا تھا کہ ٹیم کی قیادت سے اُن کی کارکردگی متاثر ہو رہی تھی، اس لیے اُنھوں نے ٹیم کی کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ کیا تاکہ وہ اپنی بیٹنگ اور کھیل پر مکمل توجہ دے سکیں۔
اظہر علی ورلڈکپ کے بعد مصباح الحق کی جگہ پاکستان کے ون ڈے کپتان مقرر کیے گئے تھے لیکن ان کی قیادت میں ٹیم خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نا کر سکی۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا کے حالیہ دورے میں پاکستانی ٹیم کو ون ڈے اور ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کارکردگی پر تنقید کی جاتی رہی ہے۔
پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اس وقت مصباح الحق ہیں اور اُن کے مستقبل کے بارے میں قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ مصباح الحق آنے والے چند ہفتوں میں اپنے فیصلے سے بورڈ کو آگاہ کر دیں گے۔
دریں اثنا پاکستان سپر لیگ کے دوسرے سیزن کا آغاز جمعرات سے دبئی میں ہو رہا ہے اور پہلا میچ پشاور زلمے اور اسلام آباد یونائٹیڈ کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔