طالبان کے ساتھ جھڑپ میں ایف سی اہلکار ہلاک، 15 اغواء

طالبان کے ساتھ جھڑپ میں ایف سی اہلکار ہلاک، 15 اغواء

پاکستان کے شمال مغربی ضلع ٹانک میں طالبان شدت پسندوں نے حملہ کرکے نیم فوجی سکیورٹی فورس ’فرنٹیئر کانسٹبلری (ایف سی)‘ کے ایک اہلکار کو ہلاک اور 15 کو اغواء کر لیا ہے۔

مقامی انتظامیہ اور ایف سی حکام نے بتایا ہے کہ درجنوں مسلح جنگجوؤں نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب مُلازئی کے علاقے میں ایف سی قلعہ پر مختلف اطراف سے حملہ کیا، اور جھڑپ میں دو سکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

شدت پسندوں نے تعداد میں زیادہ ہونے کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے قلعہ پر قبضہ کر لیا، اور وہاں تعینات 15 اہلکاروں کو یرغمال بنا کر وزیرستان سے ملحقہ ٹانک کے نیم خودمختار علاقے کی طرف فرار ہو گئے۔

اطلاعات کے مطابق جنگجو جاتے ہوئے ایف سی قلعہ میں موجود اسلحہ اور گولہ بارود کے علاوہ وائرلیس سیٹس بھی اپنے ساتھ لے گئے، اور عمارت کو بھی نذر آتش کر دیا۔

کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے ضلع ٹانک میں کمانڈر عصمت اللہ شاہین نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے 15 اہلکاروں کو یرغمال بنانے کی تصدیق کی ہے۔

مقامی و بین الاقوامی ذرائع ابلاغ نے طالبان کمانڈر کے حوالے سے خبر دی ہے کہ یہ حملہ ایک مقامی طالبان کمانڈر کی ہلاکت کے جواب میں کیا گیا۔

عصمت اللہ شاہین نے مغوی اہلکاروں کو ہلاک کرنے کی دھمکی بھی دی ہے۔