لیہ میں نابینا خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی

فائل فوٹو

بتایا جاتا ہے کہ جس خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا لگ بھگ 12 سال قبل تیزاب کے ایک حملے میں وہ اپنی بینائی کھو بیٹھی تھیں۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع لیہ میں ایک نابینا خاتون کو مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر پولیس نے اس معاملے کیایف آئی آردرج کر لی گئی ہے اور ایک ملزم کو گرفتار بھی کیا گیا ہے جب کہ باقی کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق ملزمان 35 سالہ خاتون کو زکوۃ دینے کے بہانے خود ہی ایک ڈیرے پر لے گئے جہاں اُسے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنا کر اُسے وہیں چھوڑ دیا گیا۔

بتایا جاتا ہے کہ جس خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا لگ بھگ 12 سال قبل تیزاب کے ایک حملے میں وہ اپنی بینائی کھو بیٹھی تھیں۔

جس خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اُس کے شوہر کسی دوسرے شہر میں ملازمت کرتے ہیں اور اُن کے چار بچے بھی ہیں۔

پاکستان میں انسانی حقوق کمیشن کے مطابق گزشتہ سال ملک میں 939 خواتین کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔

پاکستان میں خواتین سے جنسی زیادتی خاص طور پر جسمانی طور پر معذور خواتین کو اس طرح نشانہ بنانے پر حقوق نسواں کی تنظیم ماضی میں بھی احتجاج کرتی رہی ہیں۔