جنوبی وزیرستان میں خودکش حملہ، ایک قبائلی ہلاک

جنوبی وزیرستان میں خودکش حملہ، ایک قبائلی ہلاک

افغان سرحد سے ملحقہ قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں اتوار کو ایک خودکش بم حملے میں ایک قبائلی ہلاک اور کم از کم 10 زخمی ہو گئے۔

انٹیلی جنس حکام اور مقامی ذرائع نے بتایا ہے کہ خودکش حملہ آور جنوبی وزیرستان کے علاقے شکئی کے ایک بازار میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا جب اُس کی نشان دہی ہونے پر وہاں موجود قبائلیوں نے حملہ آور پر فائرنگ کر دی ۔ تاہم اِس دوران خودکش بمبار کے جسم سے بندھے بارود میں دھماکا ہو گیا۔

شکئی میں طالبان مخالف قبائل نے عسکریت پسندوں کے خلاف لشکر تشکیل دے رکھا ہے جب کہ جنگجو مختلف حملوں میں حکومت کے حامی قبائلی رہنماؤں سمیت درجنوں افراد کو پرتشدد کارروائیوں کے دوران ہلاک کر چکے ہیں۔

سکیورٹی فورسز نے گذشتہ برس ایک بھرپور فوجی کارروائی کے بعد جنوبی وزیرستان میں طالبان عسکریت پسندوں کے خاتمے اور اُن کے ٹھکانے تباہ کرنے کا اعلان کیا تھا ۔

دریں اثناء شورش زدہ وادی سوات میں سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان جھڑپوں میں سات جنگجو ہلاک ہو گئے۔ وادی کی تحصیل مٹہ میں پیش آنے والے اِن واقعات میں ایک سکیورٹی اہلکار کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔