پاکستان کی سرزمین پر چین کا کوئی فوجی تعینات نہیں: ترجمان پاکستان فوج

فائل فوٹو

پاکستان کی فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھارتی ذرائع ابلاغ کی اُن خبروں کی تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان نے گلگت بلتستان میں لائن آف کنٹرول پر مزید فوج تعینات کر دی ہے۔

جمعرات کو ایک ٹوئٹ میں پاکستانی فوج کے ترجمان نے ان خبروں کو بھی من گھڑت قرار دیا ہے جن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کا اسکردو ایئر پورٹ چین کے زیرِ استعمال ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سرزمین پر چین کا کوئی فوجی تعینات نہیں ہے۔ اس طرح کی غیر ذمہ دارانہ خبریں حقیقت کے منافی اور من گھڑت ہیں۔

اس سے قبل بھارتی ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان نے لگ بھگ 20 ہزار اضافی فوج گلگت بلتستان لائن آف کنٹرول کے اطراف تعینات کر دی ہے۔

بھارتی اخبار 'دی اکنامک ٹائمز' کی ایک خبر میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ چینی حکام پاکستان کی دہشت گرد تنظیم 'البدر' کے ساتھ بھارتی کشمیر میں حملوں کے لیے بات چیت کر رہے ہیں۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایل او سی پر اضافی فوج گزشتہ سال بالا کوٹ پر بھارتی حملے کے بعد کی جانے والی تعیناتی سے بھی زیادہ ہے۔

خیال رہے کہ چین اور بھارت کے درمیان مئی سے ہی سرحدی مقام لداخ میں کشیدگی جاری ہے۔ گزشتہ ماہ ہونے والی ایک جھڑپ میں لگ بھگ 20 بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔

چین اور بھارت کے حکام نے کشیدگی کم کرنے پر اتفاق کیا ہے لیکن اس کے باوجود فریقین ایک دوسرے پر سرحدی خلاف ورزیوں کے الزامات عائد کر رہے ہیں۔